پی ٹی اے کا گوگل‘ وکی پیڈیا کو گستاخانہ مواد پھیلانے پر نوٹس
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی نے گوگل اور وکی پیڈیا کو گستاخانہ مواد پھیلانے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے گوگل کو غیر قانونی مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کردی۔ معاملے کی انتہائی سنجیدہ نوعیت کے پیش نظر، پی ٹی اے نے گوگل سے رابطہ کرکے اس قسم کے غیر قانونی مواد کو فوری طور پر ہٹانے کی ہدایات کی۔ متعلقہ پلیٹ فارم کو جاری کردہ یہ نوٹس غیر قانونی آن لائن مواد کو ہٹانے اور بلاک کرنے کے قواعد 2020ء کے تحت جاری کیے گئے ہیں تاکہ ریگولیٹر کی جانب سے کسی بھی قانونی کارروائی سے بچنے کیلئے گستاخانہ مواد کو فوراً ہٹادیا جائے۔ گستاخانہ خاکوں کی موجودگی اور وکی پیڈیا پر شائع کردہ مضامین کے ذریعے گمراہ کن، غلط، فریب اور دھوکہ دہی پر مبنی معلومات سے متعلق شکایات بھی موصول ہوئی ہیں جن میں مرزا مسرور احمد کو ایک مسلمان کی حیثیت سے پیش کیا گیا۔ اس معاملے پر وسیع گفت و شنید کے بعد وکی پیڈیا کو نوٹس جاری کردیا گیا تاکہ کسی بھی قانونی کارروائی سے بچتے ہوئے گستاخانہ مواد کو فوری طورپر ہٹا دیا جائے۔ متعلقہ پلیٹ فارمز کی جانب سے عدم تعمیل کی صورت میں پی ٹی اے پریوینشن آف الیکٹرانک کرائم ایکٹ 2016ء اور قواعد 2020ء کے تحت مزید کارروائی کر سکتا ہے۔