منگنوئی ٹیسٹ: پاکستانی کھلاڑیوں کی ناقص فیلڈنگ، نیوزی لینڈ کے 3 وکٹوں پر 222 رنز
منگنوئی (سپورٹس ڈیسک)نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں کپتان کین ولیمسن اور روس ٹیلر کی ذمے دارانہ بیٹنگ کی بدولت میچ کے پہلے دن تین وکٹوں کے نقصان پر 222 رنز بنا کر اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے ۔ ماؤنٹ منگنوئی میں کھیلے جا رہے سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کے قائم مقام کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا جو ابتدائی چند اوورز میں بالکل درست ثابت ہوا۔پاکستان نے باؤلنگ کا آغاز کیا تو اننگز کی پہلی ہی گیند پر ٹام لیتھم آؤٹ ہونے سے بال بال بچے اور گیند گلی کے پاس سے ہوتی ہوئی باؤنڈری پار کر گئی۔البتہ ایک گیند بعد ہی شاہین آفریدی کی ایک اور گیند کو لیتھم سمجھنے میں ناکام رہے اور سلپ میں اظہر علی کو کیچ دے بیٹھے۔ میچ کی پہلی گیند کے بعد ابتدائی 10 اوورز میں کیویز کوئی بھی باؤنڈری نہ مار سکے۔میچ کے 11ویں اوور کی دوسری گیند پر ٹام بلنڈل نے باہر جاتی ہوئی گیند کو کھیلنے کی غلطی کی جس کے نتیجے میں وہ تیسری سلپ میں کھڑے یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے۔کپتان کین ولیمسن کا ساتھ دینے روس ٹیلر اور آئے اور دونوں کھلاڑیوں نے باؤلرز کی نپی تلی باؤلنگ کے باوجود ذمے دارانہ کھیل پیش کرتے ہوئے کھانے کے وقفے تک مزید کوئی وکٹ نہ گرنے دی ۔چائے کے وقفے کے بعد شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان کو ایک اور اہم کامیابی دلاتے ہوئے 70 رنز بنانے والے روس ٹیلر کی اننگز کا بھی خاتمہ کردیا پہلے دن کا کھیل ختم ہوا تو نیوزی لینڈ نے تین وکٹوں کے نقصان پر 222رنز بنائے تھے۔18 اور 86 رنز پر کیچ ڈراپ ہونے کی بدولت نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن 94 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں جبکہ نکولس 42 رنز کے ساتھ ان کا ساتھ نبھا رہے ہیں۔