• news

آزاد کشمیر میں شفاف الیکشن ہو گا‘ کسی کو حق نہیں چھیننے دینگے: راجہ فاروق

   مظفر آباد(نمائندہ خصوصی)وزیر اعظم آزاد جموںکشمیرو صدر مسلم لیگ ن راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے لوگوں کے حقوق کے ساتھ کسی کو کھیلنے نہیں دینگے،ہماری گردن کٹ سکتی ہے جھک نہیں سکتی،ریاست جموں و کشمیر کے مستقبل کا فیصلہ ہم کشمیری کرینگے، آج کشمیر بچاو مہم کا دوسرا جلسہ کررہا ہوں،تحریک آزادی کے 6 لاکھ شہداء کے امین آزاد کشمیر کے لوگ ہیں،یہ گلگت نہیں یہاں کسی کو دخل اندازی نہیں کرنے دینگے،واضح کرنے چاہتاہوں کہ ہندوستان کے ایجنڈے کی تکمیل کسی صورت نہیں کرنے دینگے،سبز ہلالی پرچم کو کبھی نہیں گرنے دینگے۔ان خیالات کا اظہارانہوںنے پٹہکہ میںمسلم لیگ ن کوٹلہ کے زیراہتمام عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسہ عام سے سپیکر اسمبلی شاہ غلام قادر ، وزیر صنعت نورین عارف، وزراء حکومت چوہدی محمد عزیز ، ڈاکٹر نجیب نقی، بیرسٹرافتخار گیلانی، چوہدری شہزاد، میر محمد اشر ف ، راجہ فراز عارف، راجہ ابرار ایڈووکیٹ ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیر اعظم جب جلسہ گاہ پہنچے تولیگی کارکنان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا اور زبردست نعرے بازی کی۔ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہاکہ کوئی کسی غلط فہمی میں نہ رہے ، آزاد کشمیر میں فری اینڈ فئیر الیکشن ہوگا، اپنا حق کسی کو چھیننے نہیں دینگے ۔

ای پیپر-دی نیشن