• news

پاکستان کو بابائے قوم کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کیلئے نوجوانوں،خواتین کو آگے آنا ہو گا

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان کو لاحق چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے افکار سے رجوع کرنا ہوگا۔قائداعظمؒ نے آئینی اور جمہوری طریقوں سے جدوجہد آزادی کو کامیابی سے ہمکنار کیا۔ ہمیں وطن عزیز کی حاکمیت اعلیٰ کو یقینی بنانے کی خاطر خود انحصاری کو اپنانا ہوگا۔پاکستان کو بابائے قوم کے تصورات کے مطابق ڈھالنے کیلئے نوجوانوں اور خواتین کو آگے آنا ہوگا۔اِن خیالات کا اظہارمقررین نے نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے زیر اہتمام ایوانِ قائداعظمؒ،جوہر ٹائون‘لاہور میں بانیٔ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کے 144ویںیومِ ولادت پر منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت آستانۂ عالیہ سندر شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سیدمحمد حبیب عرفانی نے کی۔تقریب میں سینیٹ آف پاکستان کی سٹینڈنگ کمیٹی برائے دفاعی امور کے چیئرمین سینیٹر ولید اقبال‘ممتاز سیاسی و سماجی رہنما بیگم مہناز رفیع‘ یونیورسٹی آف مینجمنٹ اینڈ ٹیکنالوجی کے ڈائریکٹر جنرل عابد شیروانی‘معروف دفاعی تجزیہ کار اور دانشور کرنل(ر)زیڈ آئی فرخ‘تحریک تکمیل پاکستان کے رہنما لیاقت علی قریشی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے خواتین و حضرات اور نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔ نظامت کے فرائض نظریۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید نے انجام دیے۔تقریب کا آغاز حسب معمول تلاوتِ قرآن حکیم‘نعت رسول مقبولؐ اور قومی ترانے سے ہوا۔تلاوت کی سعادت سید محب رضا گیلانی نے حاصل کی اور بارگاہِ رسالت مآبؐ میں گلہائے عقیدت محمد حسنین نے پیش کیے۔ ایک طالبہ عائشہ طارق نے قائداعظمؒ کے حضور منظوم خراجِ عقیدت پیش کیا۔ پیر سید محمد حبیب عرفانی نے اپنے صدارتی خطاب میں قائداعظم محمد علی جناحؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اُنہوں نے ضعیف العمری میں تحریک پاکستان کی قیادت سنبھالی اور اپنے عزم و استقلال سے ہر رکاوٹ کو عبور کرلیا۔وہ پاکستانی قوم کے نجات دہندہ تھے اور ہمیں اُن کے احسانات کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہیے۔ سینیٹر ولید اقبال نے اپنے خطاب میں کہا کہ علامہ محمد اقبالؒ نے اپنے افکار میں جس مردِ مومن کا تصور پیش کیا تھا‘ وہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کی صورت میں نظر آتا ہے۔ وہ ایک نابغۂ روزگار تھے اور اُن کے نقش قدم کی پیروی کرکے ہم پاکستان کو صحیح معنوں میں قائداعظمؒ کا پاکستان بنا سکتے ہیں۔ بیگم مہناز رفیع نے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستانی خواتین کو مادرِ ملتؒ کو رول ماڈل بنا کر قومی زندگی میں فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔ عابد شیروانی نے کہا کہ ہمیں قائداعظم محمد علی جناحؒ کے نظریات و تصورات کے مطابق پاکستان کی تعمیر کرنا ہے۔ کرنل (ر) زیڈ آئی فرخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے پاکستان محروم طبقات کو دولت مندوں کے استحصال سے بچانے کیلئے بنایا تھا۔ بدقسمتی سے یہ استحصالی طبقات آج بھی کسی نہ کسی صورت اثر و رسوخ رکھتے ہیں۔ لیاقت علی قریشی نے کہا کہ پاکستان کی نسل نو کو اُن کے وطن کی نظریاتی اساس سے آگاہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ وہ ہمارا مستقبل ہے۔ دوران تقریب بابائے قوم کی سالگرہ کا کیک کاٹا گیا اور حاضرین کی کشمیری چائے اور کیک سے تواضع کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن