• news

جس ٹولے نے بھٹو کے حقیقی ورثاء کو حق نہ دیا‘ سندھیوں کو کیا انصاف دینگے: فردوس عاشق

لاہور(نیوز رپورٹر+ نامہ نگار) معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جعلی راجکماری کی گڑھی خدا بخش آمد سے ذوالفقار بھٹو اور بینظیر کی روح تڑپ اٹھی ہو گی۔ بھٹو کی وراثت پر قابض گروہ نے انکی قربانیوں کو ذاتی مفاد پر قربان کر دیا۔ معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ ضیاء الحق کے منہ بولے بیٹے نے بی بی شہید کے جمہوری فلسفے کو تار تار کر دیا، جس ٹولے نے بھٹو کے حقیقی ورثا کو حق نہ دیا وہ سندھ کے مظلوم عوام کوکیا انصاف دینگے۔ بی بی شہید کے خلاف کی جانے والی سیاہ کاریوں کے حوالے سے جعلی راجکماری نے معذرت بھی ضرور کی ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم نے کرونا سمیت ہر نازک موقع پر سیاسی پوائنٹ سکورنگ کی اور عقل سے پیدل اس ٹولے نے کرونا کے پھیلاؤ میں پورا حصہ ڈالا۔ پی ڈی ایم والے عوام کے دشمن بنے ہوئے ہیں۔ اپوزیشن کرونا کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے باوجود اجتماعات سے باز نہیں آئی۔ پی ڈی ایم کی سیاست صرف ذاتی مفاد کے گرد گھومتی ہے۔ اپوزیشن اپنے پتے کھیل چکی اور یہ عناصر اپنی بازی ہار چکے ہیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اپوزیشن کو اپنے دور میں عوام کی کمائی ہضم کرتے وقت ذرا بھی خدا کا خوف نہیں آیا اور اب احتساب ہو رہا ہے تو یہ واویلا مچا رہے ہیں۔ جتنا مرضی شور مچا لیں انہیں این آر او نہیں ملے گا۔ جعلی راجکماری نے وزیر اعظم کو اپنے نشانے پر رکھا ہوا ہے اور سکھر میں وزیر اعظم کے خلاف نازیبا الفاظ استعمال کئے گے۔ محترمہ کو یاد دلانا چایتی ہوں جنرل جیلانی سے لے کر جنرل ضیا کے بوٹ پالش کرنے کا آپکے والد نے کارنامہ سر انجام دیا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے "مسکن" اولڈ ایج میں رہائش پذیر بزرگ شہریوں میں گرم چادریں، کمبل اور سویٹر وغیرہ تقسیم کرنے کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو ریاست اور وراثت دونوں پر قابض ہیں۔ فاطمہ بھٹو کو بھی سیاست میں جگہ دیں۔ جس جمہوریت کیلئے بی بی نے جان دی آج اس بیانیے کے مخالف سے بغل گیر ہو رہے ہیں۔ مریم نواز مایوس ہو کر قبروں پر ٹکریں مار رہی ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن