ذخیرہ اندوزوں ، ناجائز منافع خوروں کیخلاف کریک ڈائون جاری رکھا جائے: عثمان بزدار
لاہور(نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبے میں اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے انتظامی اقدامات تسلسل کے ساتھ جاری رکھے جائیں اورعوام کو اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خورو ں پر کڑی نظر رکھی جائے اور ان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے۔ اینٹی ہورڈنگ آرڈیننس 2020 کے تحت ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کی سخت مانیٹرنگ کے حوالے سے صوبائی پرائس کنٹرول کمیٹی کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ عوام کو اشیائے ضروریہ مقررکردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں۔ حکومت کے بروقت اور موثر اقدامات سے آٹے، چینی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔ حکومتی اقدامات سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں۔ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کارروائی کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔ انہوں نے کہا کہ گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔ عوام کو مقررہ نرخوں پر اشیاء ضروریہ کی دستیابی میں غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کروں گا۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔ عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے گلگت بلتستان میں ہیلی کاپٹر کے افسوسناک حادثے پر دلی دکھ اور رنج کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے شہید پائلٹ میجر محمد حسین، شہید کو پائلٹ میجر ایازحسین، شہید نائیک انضمام عالم اور شہید سپاہی محمد فاروق کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے معروف شاعر ایزد عزیز کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز پر حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے حملے بھی سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے اورشہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہید جوان ہمارے ہیرو ہیں۔ شہداء نے اپنی قیمتی جانوں کے نذرانے دے کر وطن میں امن قائم کیا ہے اور ہماری تمام ہمدردیاں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر عناصر دہشت گردی کے ذریعے قوم کے بلند حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ پاکستانی قوم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف یکجان اور یک زبان ہے۔