بلوچستان : ایف سی پوسٹ پر حملہ، 7جوان شہید، دہشتگردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل : عمران
اسلام آباد+کوئٹہ (سٹاف رپورٹر+امجد بھٹی سے) بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور کی پوسٹ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کے نتیجے میں سات جوان شہید ہوگئے۔ سکیورٹی فورسز نے تمام علاقے کا محاصرہ کر کے دہشت گردوں کے فرار کے راستے بند کرتے ہوئے تلاشی کا آپریشن شروع کر دیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان میں بتایا گیا ہے کہ ہرنائی کے علاقے شیرگ میں واقع پوسٹ پر دہشت گردوں نے رات گئے فائرنگ کی۔ فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران سات بہادر جوان شہید ہوگئے جبکہ دہشت گردوں کو پیچھے دھکیل دیا گیا۔ علاقے کو گھیرے میں لے کر دہشت گردوں کے فرار ہونے کے تمام راستوں کر بند کر دیا گیا ہے۔ تلاشی اور علاقے کو واگزار کرانے کے لیے بڑے پیمانے پر کارروائی جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک دشمن عناصر کی پشت پناہی سے اس طرح کے بزدلانہ اقدامات کے ذریعے بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور سکیورٹی فورسز ان عناصر کے عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنانے کے لئے پرعزم ہیں۔ شہید ہونے والے جوانوں میں میانوالی سے تعلق رکھنے والے نائب صوبیدار گلزار، حافظ آباد کے سپاہی فیصل، پشین سے تعلق رکھنے والے سپاہی عبدالوکیل، کوہاٹ سے سپاہی شیر زمان، ڈیرہ بگٹی سے سپاہی جمال، ڈیرہ غازی خان سے عبدالرؤف اور مظفر گڑھ سے تعلق رکھنے والے فقیر محمد شامل ہیں۔
اسلام آباد‘ میانوالی (نیوز رپورٹر+نیٹ نیوز+ نامہ نگار) وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں فرنٹیئر کور (ایف سی) بلوچستان کی چیک پوسٹ پر دہشت گردوں کے حملے کی مذمت کی ہے۔ اپنے بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کے حملے میں 7 بہادر جوانوں کی شہادت پر دکھی ہوں۔ وزیراعظم نے شہداء کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شہداء کے اہل خانہ کیلئے دعا گو ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہماری قوم بہادر جوانوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ ہمارے بہادر سپاہی دہشتگردوں کا مقابلہ کر رہے ہیں اور دہشت گردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل ہے۔ میانوالی سے نامہ نگار کے مطابق خاندانی و عسکری ذرائع کے مطابق بلوچستان میں شہید ہونے والے نائب صوبیدار گلزار خٹک کی نماز جنازہ آج آبائی علاقہ ٹولہ منگلی میں ادا کی جائے گی۔ شہید نائب صوبیدار گلزار خٹک نے پسماندگان میں بیوہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ وزیرِ اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد حملوں سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہو سکتے۔ بہادر سکیورٹی فورسز وطن کا دفاع اور دہشت گردوں کا مقابلہ کرنا جانتی ہیں۔ شہیدوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا۔ سکیورٹی فورسز ملک کے دفاع میں قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کر رہی ہیں۔ ہم سب کو ان پر فخر ہے۔ ہم شہید ہونے والے اہلکاروں کے خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وفاقی وزیر انسداد منشیات اعجاز احمد شاہ نے بلوچستان کے علاقے ہرنائی میں ایف سی چیک پوسٹ پر دہشت گردی کے واقع کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے ایک بیان میں انہوں نے حملے کے نتیجے میں ایف سی کے اہلکاروں کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ اعجاز احمد شاہ نے کہا کہ ملک دشمن عناصر اپنی بزدلانہ کاروائیوں سے ہمارے جوانوں اور قوم کے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔ اپنے شہدا کی قربانیوں کی مقروض ہیں۔انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالی لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ہرنائی میں سکیورٹی فورسز کی چوکی پر دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ قوم تخریب کاری اور دہشتگردی کے خلاف متحد ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ مذموم مقاصد کی خاطر ملک و قوم سے کھیلنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔