ہیلی کاپٹر حادثہ کے شہدا سپرد خاک، صدر، وزیراعظم، آرمی چیف کی طرف سے پھول چڑھائے گئے
چکوال+ کسووال (نامہ نگار+نوائے وقت رپورٹ) ہیلی کاپٹر حادثہ میں شہید سپاہی عبدالقدیر کو چکوال میں ان کے آبائی علاقے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی قبر پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے سلامی دی۔ صدر عارف علوی، وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف کی جانب سے قبر پر پھول چڑھائے گئے۔ دوسرے شہید سپاہی محمد فاروق کو فوجی اعزازات کے ساتھ ان کے آبائی گاؤں میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ تحصیل چیچہ وطنی کے نواحی گاؤ ں 95/12-L کا رہائشی سپاہی محمد فاروق شہید آبائی گاؤں میں فوجی اعزازات کے ساتھ سپرد خاک، شہید نے سوگواران میں بیوہ سمیت تین بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ 35 سالہ سپاہی محمد فاروق شہید نے عرصہ 15 سال پاک فوج میں اپنی خدمات سر انجام دیں اور شہید کے والد فوجی محمد فضل بھی پاک فوج میں شامل رہے ہیں۔ اس موقع پر شہید کے والد فوجی محمد فضل نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ میرے سات بیٹے اور بیٹیاں محمد فاروق شہید بیٹوں میں سب سے بڑا تھا اور انہیں پاک فوج کا حصہ بننے اور جام شہادت نوش کرنے کا بچپن سے ہی بہت شوق تھا۔ آج میرا سر فخر سے بلند ہے کہ میرا بیٹا اپنے وطن کی مٹی سے وفا کرتے ہوئے شہید ہوا۔پاک فوج کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید پائلٹ میجر محمد حسین کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔ شہید کی نماز جنازہ مرکزی جامع مسجد سکردو میں ادا کی گئی۔ فورس کمانڈر گلگت بلتستان، اعلیٰ سول اور عسکری حکام نے شرکت کی۔ بعدازاں شہید پائلٹ میجر محمد حسین کو علی آباد قبرستان میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے شہید کو گارڈ آف آنر پیش کیا۔