• news

مودی کے ویڈیو خطاب پر کسانوں کا برتن بجا کر احتجاج، یکجہتی کیلئے ایک اور شخس کی خود کشی

نئی دہلی (این این آئی+ انٹرنیشنل ڈیسک) بھارت میں مودی حکومت کے زرعی قوانین کے خلاف کسانوں نے برتن بجا کر احتجاج کیا۔ کسانوں نے زرعی قوانین واپس لینے کے نعرے لگائے۔ ایک ماہ سے دہلی کی سرحدوں پر بیٹھے کسانوں نے مودی کے ریڈیو پروگرام من کی بات کے دوران برتن بجا کر احتجاجی نعرے لگائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سنگھو بارڈر پر دھرنا دیئے کسانوں نے چمچے، تھالیاں، پلیٹیں بجا کر مودی حکومت سے متنازع زرعی قوانین واپس لینے کا مطالبہ کیا۔ بھارت کے کسانوں نے تقریباً ایک ماہ سے دہلی کی سرحدوں پردھرنا دیا ہوا ہے۔ کسان مودی حکومت سے کسان مخالف بل واپس لینے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ بھارت میں مودی حکومت مخالف جاری کسانوں کے احتجاج کے سلسلے میں مظاہرین سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ایک اور شخص نے خودکشی کرلی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دلی کی سرحد کے نزدیک ایک اور شخص نے ان کسانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے اپنی جان دے دی۔ اس شخص کی شناخت امرجیت سنگھ کے نام سے ہوئی ہے جو پیشے سے وکیل تھا اور اس کا تعلق ریاست پنجاب کے علاقے جلال آباد سے ہے۔ رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ اس وکیل نے زہر پی کر خودکشی کی جبکہ اس کے پاس سے اس کا تحریر کردہ خط بھی ملا ہے۔ اپنے خط میں اس شخص کا کہنا تھا کہ وہ کسانوں سے اظہارِ یکجہتی کے لیے خود کشی کر رہا ہے۔ واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ایک سکھ رہنما کسانوں سے اظہارِ یکجہتی اور مودی حکومت کے مظالم سے تنگ آکر خودکشی کر چکے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن