• news

 چین میں پھنسے کنٹینرز کو ڈرائی پورٹ سوست تک پہنچانے کا عمل مکمل 

 اسلام آباد (خصوصی نمائندہ )نیشنل لاجسٹکس سیل(این ایل سی) نے چین میں پھنسے ہوئے کنٹینرز کو درہ خنجراب سے سلک روٹ ڈرائی پورٹ سوست تک پہنچانے کا عمل کامیابی سے مکمل کر لیا۔یہ کنٹینرزگذشتہ سال دسمبر میں کرونا  وائرس وبا پھیلنے کی وجہ سے پھنس گئے تھے۔ اس مقصد کے لئے خنجراب بارڈر کو عارضی طور پر 15سے 25دسمبر2020تک کھولا گیا تاکہ پھنسے ہوئے کنٹینرز کو  پاکستان لایا جاسکے۔ واضح رہے کہ بارڈر ہر سال 30نومبر سے 01 اپریل تک بھاری برفباری کی وجہ سے بند رہتا ہے۔ 15 دسمبر 2020 کو بارڈر کھلنے پر کنٹینرز کی نقل و حمل شروع ہوئی۔ این ایل سی نے شدید موسم  کے باوجود کنٹینرز کی نقل وحمل کا کام شروع کیا۔ پھسلن کی وجہ سے بھاری گاڑیوں کی نقل و حمل بہت بڑا چیلنج تھا مگر مقامی انتظامیہ کی مدد سے بارڈر بند ہونے سے دو دن قبل ہی تمام کنٹینرز کو بحفاظت سوست ڈرائی پورٹ پہنچا دیا گیا۔کنٹینروں میں محکمہ تعلیم گلگت  بلتستان کے لئے کرونا کا امدادی سامان، پن بجلی کے لئے مشینری اور تجارتی سامان لدا ہوا تھا۔ خنجراب پر یہ اشیا  این ایل سی ڈرائی پورٹ سوست تک بھیجیں گئیں جہاں سے انہیں کسٹم کلیئرنس کے بعد مختلف علاقوں کے لئے روانہ کیا جائے گا۔ خالی کنٹینرز کو دوبارہ خنجراب پہنچا کر چینی حکام کے حوالے کیا جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن