بلوچستان ہمیشہ جمہوریت کو تقویت بخشنے کی تحریکوں کا مسکن رہا‘ مسلم لیگ ن احساس محرومی ختم کرے گی: نوازشریف
کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ بلوچستان ہمیشہ جمہوریت کو تقویت بخشنے کی تحریکوں کا مسکن رہا ہے۔ صوبے کے سیاسی کارکنوں نے ہمیشہ آئین و پارلیمنٹ کی بالادستی کے لئے جمہوری قوتوں کا ساتھ دیا ہے۔ بلوچستان کو ہمیشہ پسماندہ رکھا گیا۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے صوبائی جنرل سیکرٹری و سابق سپیکر جمال شاہ کاکڑ سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ نواز شریف نے کہا بدقستمی سے ماضی میں صوبے پر توجہ نہ دینے کی وجہ سے آج پاکستان کا اہم ترین صوبہ پسماندگی کا شکار ہے۔ مسلم لیگ (ن) صوبے کی پسماندگی اور احساس محرومی کے خاتمے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی تاریخ کے مشکل ترین دور سے گزر رہی ہے لیکن بلوچستان کے کارکنوں نے جس طرح پارٹی کا ساتھ دیا ہے وہ لائق تحسین ہے۔ عہدیداروں اور کارکنوں نے مسلم لیگ (ن) کے پیغام کو نہ صرف اپنایا ہے بلکہ پی ڈی ایم کی تحریک میں پارٹی کا بھر پور ساتھ دیا ہے۔ پارٹی کے کارکن پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم سے ہونے والی سیاسی سرگرمیوں کا بھرپور ساتھ دیتے ہوئے انہیں کامیاب بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگ اب وفاق کی سیاست کرنا چاہتے ہیں اور مسلم لیگ (ن) انکے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے جمال شاہ کاکڑ نے کہا کہ بلوچستان کے تمام ڈویژن اور اضلاع کے عہدیدار اور کارکن پارٹی سے کمٹڈ ہیں۔ پارٹی کی کارکردگی رپورٹ تیار کی ہے جو جلد ہی انہیں ارسال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سخت حالات میں پارٹی کے کوئٹہ، ژوب، نصیر آباد، سبی، رخشان اور مکران ڈویژن کے عہدیدار اور کارکن پارٹی کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔ بلوچستان کے کارکن پارٹی اور میاں نواز شریف کی محبت میں ہر مشکل برداشت کرنے کے لئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف 22کروڑ عوام کے حقوق کی جنگ لڑ رہے ہیں وہ اس جنگ میں تنہا نہیں بلکہ مسلم لیگ (ن) اور تمام سیاسی ورکر انکے ساتھ ہیں۔