منگنوئی ٹیسٹ: ولیمسن کی سنچری نیوزی لینڈ 431پر آئوٹ ، پاکستان کے ایک وکٹ پر 30رنز
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 30 رنز بنا لیے ہیں۔ماؤنٹ مونگا نوئی ٹیسٹ کے دوسرے روز نیوزی لینڈ کے 431 رنز کے جواب میں پاکستان کی جانب سے شان مسعود اور عابد علی نے اننگز کا آغاز کیا۔شان مسعود 42 گیندوں پر 10 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے جس کے بعد محمد عباس بطور نائٹ واچ مین عابد علی کا ساتھ دینے میدان میں آئے اور کھیل کے اختتام تک وکٹ پر موجود رہے۔دوسرے رور کا کھیل ختم ہوا تو عابد علی 19 اور محمد عباس بغیر کسی رن کے وکٹ پر موجود تھے۔قبل ازیں میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 431 رنز بنا کر بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ٹیسٹ کے دوسرے روز کین ولیم سن اور ہنری نکولس نے 222 رنز تین کھلاڑی آؤٹ سے اننگز کا آغاز کیا اور دونوں کھلاڑی اسکور کو 266 رنز تک لے جانے میں کامیاب رہے۔دوسرے روز کھیل کا آغاز ہوا تو کین ولیمسن 94 اور ہنری نکولس 42 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، دونوں کھلاڑیوں نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور ولیمسن 129 جبکہ ہنری نکولس 56 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کیوی کپتان کے کیرئیر کی یہ 23ویں سنچری ہے اور انہوں نے ہنری نکولس کے ساتھ مل کر چوتھی وکٹ کے لیے 133 رنز کی شراکت قائم کی۔جیمی سن 32 اور سینٹنر 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ ٹم ساؤتھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔ بی جے واٹلنگ نے 73 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی جبکہ نیل ویگنر 19 اور ٹرینٹ بولٹ 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔کل تین کھلاڑی آؤٹ کرنے والے شاہین آفریدی کا جادو آج نہ چل سکا اور آج اپنے کوٹے میں صرف ایک ہی وکٹ کا اضافہ کر سکے جبکہ یاسر شاہ نے تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ محمد عباس، فہیم اشرف اور نسیم شاہ کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔