نئی گیند کو محتاط انداز میں کھیلنے کا پلان کامیاب رہا، عابد علی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) قومی ٹیم کے اوپننگ بلے باز عابد علی کا کہنا ہے کہ نئی گیند کو محتاط انداز میں کھیلنے کا پلان کامیاب رہا۔مانگونئی ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دو روز تک فیلڈنگ کرنے کے بعد آخری سیشن میں اننگز کیا، ہیڈ کوچ مصباح الحق اور بیٹنگ کوچ یونس خان جانب سے یہی ہدایت کی گئی تھی کہ نئی گیند کو محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے وکٹ بچائے رکھنی ہے، بال سیم ہورہی تھی، کنڈیشنز آسان نہیں تھیں لیکن پہلا گھنٹہ اپنے پلان کے مطابق بڑے تحمل سے کھیلے۔عابد علی نے کہا کہ بدقسمتی سے شان مسعود لیگ سٹمپ سے باہر جاتی گیند پر وکٹ گنوا بیٹھے، میں مزاحمت کرنے میں کامیاب رہا، میچ میں شراکتیں قائم کرتے ہوئے بڑا سکور کرنے کی کوشش کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ بولرز نے ٹیم پلان کے مطابق اچھی بولنگ کی لیکن بدقسمتی سے کئی مواقع سے فائدہ نہ اٹھائے جا سکا، کیچز ڈراپ ہوئے کئی گیندیں فیلڈرز سے آگے بھی گرتی رہیں، بہرحال اب چیلنج یہ ہے کہ کریز پر زیادہ سے زیادہ قیام کرتے ہوئے لیکن مجموعہ حاصل کیا جائے۔