اسرائیلی فوج کی غزہ پر وحشیانہ بمباری، بچوں کا ہسپتال تباہ،3 زخمی، دشمن کو سزا ضرور ملے گی: حماس
غزہ (آئی این پی) گزشتہ رات اسرائیل نے جس ظالمانہ حرکت کا ارتکاب کیا ہے اس کے نتیجے میں غزہ پٹی میں واقع بچوں کا ایک اسپتال مکمل طور پر تباہ ہو گیا ہے۔حماس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ یہ بربریت ہے،ظالم دشمن نے یہ بھی نہیں دیکھا کہ وہ جہاں بم برسا رہا ہے وہ بچوں کا اسپتال ہے۔جبکہ اسرائیل نے بہانہ بنایا تھا کہ اس نے غزہ سے ہونے والے راکٹ فائر کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے۔گزشتہ رات جب دنیا میں کرسمس کا تہوار پورے زور شور سے منایا جا رہا تھا اس وقت سرزمین فلسطین پر موجود دنیا کا مظلوم ترین زمینی ٹکڑا خوفناک دھماکوں سے لرز اٹھا تھا۔ اسرائیل کے بمبار طیاروں نے غزہ پٹی میں کئی بم گرائے۔جس حوالے سے اسرائیلی فورس کا کہنا تھا کہ غزہ سے اسرائیل کے علاقے میں راکٹ فائر کیے گئے تھے جس کے ردعمل میں انہوں نے ملٹری بیس اور راکٹ بنانے والی فیکٹری کو نشانہ بناتے ہوئے تباہ کیا ہے۔اسپتال ذرائع کے مطابق اسرائیل کے اس حملے کے نتیجے میں دو سویلین زخمی ہوئے ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔ جبکہ بڑے پیمانے پر جانی نقصان کی اطلاع ابھی تک نہیں ملی۔جبکہ مالی نقصان کے تخمینے سے متعلق بھی کوئی اعداد وشمار ابھی تک سامنے نہیں آ سکے۔یاد رہے کہ فلسطین میں بربریت کی داستانیں رقم کرنے والا اسرائیل دنیا بھر کے مسلم ممالک کو اپنی حیثیت اور وجود تسلیم کروانے کے لیے منتیں ترلوں پر اترا ہوا ہے۔ایک طرف دنیا کے ممالک کے ساتھ امن معاہدوں کی کوششوں میں جتا ہوا ہے تو دوسری طرف مسلمانوں کے سینوں میں گولیاں برساتا پھر رہا ہے۔تو اس کے دوہرے چہرے پر مسلمانوں کو غور کرنبا چاہیے اور وہ ممالک جنہوں نے اسرائیل کے ساتھ امن معاہدے کرتے ہوئے اس کے وجود کو تسلیم کیا ہے وہ ردعمل کے طور پر فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کریں اور اسرائیل کو تسلیم کرنے کے معاہدے کو توڑ دیں۔