پیپلز پارٹی سے کوئی اختلاف نہیں‘ ڈپٹی کمشنر سے تنازع معذرت پر ختم ہو گیا: امیر جے یو آئی لاڑکانہ
لاڑکانہ (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی سے اختلافات کی خبروں پر جمعیت علمائے اسلام (ف) لاڑکانہ کے امیر علامہ ناصر سومرو کا بیان سامنے آ گیا۔ علامہ ناصر سومرو کا کہنا ہے کہ جمعیت علمائے اسلام نے (ف) سندھ میں کسی افسر کی تقرری کیلئے سفارش نہیں کی۔ چند روز قبل جے یو آئی (ف) لاڑکانہ اور ڈپٹی کمشنر کے درمیان تنازع ہوا تھا اور ڈپٹی کمشنر نے لاڑکانہ سے جے یو آئی کے پینا فلیکس اور پرچم اتروادیئے تھے۔ انہوں نے بتایا کہ پینا فلیکس اتارنے پر جے یو آئی لاڑکانہ نے ڈی سی کی معطلی کا مطالبہ کیا اور لاڑکانہ میں مظاہرے کی بھی کال دی تھی۔ علامہ ناصر سومرو کا کہنا تھا کہ احتجاج کی کال پر ڈی سی نے اپنے والد کے ساتھ جے یو آئی کے دفتر آکر معذرت کی۔ جس کے بعد جے یو آئی لاڑکانہ نے معاملے کو ختم کردیا۔ ان کا کہنا ہے کہ چند چینلز اس طرح کی خبریں پھیلاکر پی ڈی ایم کے اتحاد کو کمزور کر رہے۔ بینظیر بھٹو شہید کی برسی میں جے یو آئی کا اعلیٰ سطح کا وفد شریک ہوا۔ جے یو آئی (ف) کوئی دھرنا نہیں دے رہی اور نا ہی کوئی احتجاج کر رہی ہے۔