• news

لیاری کی عالیہ سومرو باکسنگ مقابلوںمیں ناقابل شکست

 کراچی(سپورٹس ڈیسک) لیاری کے علاقے آگرہ تاج کے رہائشی حنیف سومرو نے بیٹی سے محبت کو اپنی کمزوری کے بجائے طاقت بنالیا بیٹی کو مضبوط بنایا اور باکسنگ کے رنگ میں اتار دیا۔بیٹی نے بھی اپنے باپ کے اعتماد اور محبت کا جواب انتھک محنت سے دیا اور کم عمری میں ہی باکسنگ کے رنگ میں اپنے سامنے آنے والے ہر حریف کو شکست سے دوچار کیا، حنیف سومر و نے اپنی بیٹی میں باکسنگ کے کھیل کے شوق کو پروان چڑھانے کے لیے پہلے سے زیادہ محنت کی روزگار کمانے کے ساتھ بیٹی کو تربیت دلوانے اور مقابلوں میں شرکت کے لیے لانے لے جانے کی ذمے داری نبھائی سب سے  بڑھ کر انھوں نے اپنی بیٹی عالیہ میں سے اس خوف کو کھرچ کر نکال پھینکا کہ وہ لڑکی ہے اور باکسنگ جیسے سخت کھیل میں چوٹ کھانا پڑے گی۔عالیہ سومرو کی باکسنگ میں دلچسپی8سال کی عمر سے شروع ہوئی۔عالیہ نے ملکی سطح پر بہت سے ٹورنامنٹ میں حصہ لیا وہ اپنے ویٹ کی کٹیگری میں اب تک ناقابل شکست رہیں، یونیسف نے آئی ایم فیوچر پروگرام کے تحت پاکستان بھر میں سخت حالات کا سامنا کرنے کے باوجود اپنی صلاحیتوں کو منوانے والے بچوں میں عالیہ سومرو کو بھی شامل کرکے انہیں پاکستان کا مستقبل قرار دیا۔اس پروگرام کے تحت پاکستان بھر سے 1500 بچوں کا انتخاب کیا گیا اگلے مرحلے میں 300بچوں کو منتخب کیا گیا اور ان 300بچوں میں سے بھی 14بچوں کو اس مہم کے حتمی ہیروز کے طور پر منتخب کیا گیا ۔

ای پیپر-دی نیشن