سیمنٹ سیکٹرمیں سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں:اسلم اقبال
لاہور (کامرس رپورٹر)صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال سے گزشتہ روز پنجاب سرمایہ کاری بورڈ کے کمیٹی روم میں دھان سیمنٹ کے سی ای اوانوارالحق شادنے ملاقات کی۔جس میں دھان سیمنٹ گروپ کی جانب سے کٹاس کے علاقے میں مائننگ کی لیز اور سیمنٹ پلانٹ لگانے کیلئے این او سی کے امور پر بات چیت ہوئی۔دھان سیمنٹ گروپ کے سی ای او نے کہا کہ ہمارے گروپ کو مائننگ کی لیز کی بحالی اور سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے این او سی کے حصول کا مسئلہ درپیش ہے۔صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سیمنٹ سیکٹرمیں سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولیات فراہم کی جارہی ہیں۔نیا سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے متعلقہ پانچ محکموں کو 90روز کے اندر این او سی کے اجراء کا پابند بنایا گیا ہے اور حال ہی میں نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے پانچ کمپنیوں کو این او سی جاری کئے گئے ہیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ سیمنٹ ایکسپورٹ ایبل آئٹم ہے،سیمنٹ کی پیداوار بڑھانے کے لئے کوئی رکاوٹ حائل نہیں ہونے دیں گے۔وزیر صنعت نے کہا کہ دھان سیمنٹ گروپ کو ماننگ کی لیز کی بحالی اور سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے حکومت ہر ممکن سہولت فراہم کرے گی۔برسوں سے نئے سیمنٹ پلانٹ لگانے کے لئے این او سی جاری نہیں ہورہے تھے،ہماری حکومت نے اسے ممکن بنایا۔