• news

پشاور: نوجوان تشدد کیس میں جرم ثابت‘ 2 ایس ایچ اوز سمیت 4 پولیس اہلکار برطرف

پشاور (نوائے وقت رپورٹ) خیبر پی  کے پولیس نے نوجوان عامر تہکالے تشدد کیس میں بڑا فیصلہ کرتے ہوئے دو ایس ایچ اوز اور دو ماتحت اہلکاروں کو نوکری سے برخاست کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کی روشنی میں واقعہ کی محکمانہ انکوائری کی گئی جس میں پولیس اہلکاروں پر جرم ثابت ہوگیا۔ 4 پولیس اہلکاروں کو نوکری سے فارغ کردیا گیا جن میں ایس ایچ او تہکال شہریار، ایس ایچ او یکہ توت عمران الدین اور دو سپاہی نعیم اور توصیف عالم شامل ہیں۔ آئی جی خیبر پی کے پولیس ڈاکٹر ثناء اللہ عباسی نے کہا کہ پولیس کے اندر خود احتسابی کے ذریعے جزا اور سزا کا عمل جاری ہے، جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف ایکشن ہوگا، محکمے کی بدنامی کرنے والوں کی پولیس میں کوئی جگہ نہیں، عوام کی جان و مال اور عزت کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے۔ عوام کا پولیس پر اعتماد بحال کرنے کیلئے دن رات تمام افسر 24 گھنٹے موجود ہیں اور پولیس عوام کی خادم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن