اپوزیشن استعفوں، لانگ مارچ کا شوق پورا کرے، حکومت کو فرق نہیں پڑیگا: گورنر
لاہور (اے پی پی+ صباح نیوز) گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے صوبائی وزیر جنگلات سبطین خان نے ملاقات کی۔ اس موقع پر گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے کہا کہ لانگ مارچ اور استعفوں کا بھی اپوزیشن شوق پورا کر لے۔ حکومت کو اس سے کوئی فرق نہیں پڑے گا۔ پی ڈی ایم میں اتحاد اور اتفاق نام کی کوئی چیز نہیں ان میں واضح تفریق ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے بارے میں ان کے مخالفین بھی جانتے ہیں کہ وہ کسی سے بلیک میل ہونیوالے لیڈر نہیں۔ جب بھی ملک میں احتساب کی بات جاتی ہے تو سیاسی مخالفین شور مچانا شروع کر دیتے ہیں۔ ان کو چاہئے کہ وہ حکومت کے خلاف تحریک کی باتیں کرنے کی بجائے عدالتوں میں اپنی بے گناہی کے ثبوت دیں۔ علاوہ ازیں گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے پاک چائنہ جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے وفد نے صدر ایس ایم نوید کی قیادت میں ملاقات کی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ تاجر برادری ملک کی ترقی اور خوشحالی میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت میں بہتری لانے کیلئے سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کرنا بہت ضروری ہے۔ پاک چائنہ اقتصادی راہداری اور پاک چائنہ بزنس کمیونٹی کے درمیان رابطے میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اہم کردار ادا کر رہی ہے۔