• news

2021ء دشوار ہو گا‘ وزیراعظم کی سیاسی کشتی بھنور میں ہے: سراج الحق

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی  سراج الحق نے کہا ہے کہ 2020ء عوام کے لیے مشکل ترین اور اب 2021ء حکومت کے لیے بہت دشوار ہوگا۔ وزیراعظم کی یہ بات سن سن کر عوام کے کان پک گئے کہ گھبرانا نہیں۔ اب 2021ء میں عوام وزیراعظم سے کہیں گے کہ اب آپ نے گھبرانا نہیں۔ جماعت اسلامی حقیقی اپوزیشن ہے، عوام کا مقدمہ پوری قوت سے لڑے گی۔ وزیراعظم کی سیاسی کشتی بھنور میں ہے  ملک میں تاحال کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوئی۔ پی ٹی آئی حکومت مکمل ناکام ہوچکی۔ عوام کی مایوسی دن بدن گہری ہو رہی ہے۔ مختلف اداروں میں اصلاحات کے دعووں کی کہانیاں، بیانات اور پریس کانفرنسوں سے آگے نہ بڑھ سکیں  ملک میں جرائم کی شرح میں اضافہ تشویشناک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ یکم جنوری سے پٹرول ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کی بات کی جارہی ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ حکومت نے رواں سال کئی دفعہ عوام پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافے کا بم گرایا ہے۔ آج خطے میں مہنگائی کی شرح کے حوالے سے پاکستان سب سے آگے نکل چکا ہے۔ یہی پی ٹی آئی دعویٰ کرتی تھی کہ اقتدار میں آ کر پٹرول کی 48 روپے فی لٹر فراہمی کو یقینی بنائیں گے لیکن آج پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں پہلی حکومتوں کے ادوار سے بھی زیادہ ہیں۔ عوام کو تبدیلی کے نام پر سبز باغ دکھائے گئے۔ بلاشبہ وطن عزیز اس وقت خارجی و داخلی مسائل کا شکار ہے۔ ہرنائی میں پیش آنے والے دہشتگردی کے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ اب تو وزیراعظم خود کہہ رہے ہیں کہ دہشتگردوں کو بھارتی پشت پناہی حاصل ہے۔ حکومت کو بھارت کی مداخلت اور دہشتگردی کو پوری دنیا میں بے نقاب کرنا چاہیے۔ جماعت اسلامی کے ملک بھر میں ہونے والے جلسوں میں شرکاء کی بڑی تعداد حکومت کی پالیسیوں پر عدم اعتماد کا اظہار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعداد بتا رہی ہے کہ مستقبل میں جماعت اسلامی سرپرائز دے گی۔ ملک کے تمام مسائل کا حل اللہ اور رسول ؐ کے احکامات پر عمل کرنے میں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن