• news

سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کا معاملہ ، سپریم کورٹ کا 5رکنی بنچ 4جنوری کو سماعت کریگا

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) چیف جسٹس آف پاکستان نے سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کروانے کے معاملے پر صدارتی ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کردیا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بنچ 4 جنوری کو سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل کو نوٹس جاری کردیا۔خیال رہے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی منظوری کے بعد سینٹ الیکشن شوآف ہینڈز کے ذریعے کرانے کے لئے ریفرنس سپریم کورٹ میں دائر کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں سینٹ کے الیکشن اوپن بیلٹ کے ذریعے کرانے کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رائے مانگی گئی ہے۔صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی نے وزیر اعظم کی تجویز پر آئین کے آرٹیکل 186 کے تحت ریفرنس سپریم کورٹ بھجوانے کی منظوری دی۔ ریفرنس میں ا?ئین میں ترمیم کیے بغیر الیکشن ایکٹ 2017ء کی سیکشن 122 چھ میں ترمیم پر سپریم کورٹ کی رائے مانگی گئی ہے۔ریفرنس میں کہا گیا کہ سینٹ الیکشن میں خفیہ بیلٹنگ سے ارکان کی خرید و فروخت میں کالا دھن استعمال ہوتا ہے جس سے سینٹ الیکشن کی شفافیت پر سوال اٹھتے ہیں۔ سینٹ کا الیکشن اوپن بیلٹ کے تحت ہونے سے انتخابی عمل میں شفافیت آئے گی، اہم آئینی نکتے پر سپریم کورٹ اپنی رائے دے۔خیال رہے وفاقی کابینہ نے 15 دسمبر کو سینٹ الیکشن اوپن بیلٹ کے معاملے پر سپریم کورٹ سے رائے لینے کی منظوری دی تھی۔

ای پیپر-دی نیشن