کرونا، مزید 63افراد جاں بحق، برطانیہ سے کراچی آنیوالے 3مسافروں میں نئے وائرس کی تصدیق
کراچی (نوائے وقت رپورٹ‘ ایجنسیاں) برطانیہ سے آنے والے 3 مسافروں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق ہوگئی۔ برطانیہ سے آنے والے کل 6 مسافروں کا کرونا وائرس ٹیسٹ مثبت آیا۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ صحت سندھ نے برطانیہ سے آنے والے 12 میں سے 3 مسافروں میں کرونا وائرس کی نئی قسم کی تصدیق کردی۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ برطانیہ سے آنے والے 12 مسافروں میں سے 6 کرونا وائرس مثبت ہیں، 6 میں سے 3 کرونا مثبت کیسز نئے وائرس سے مشابہ ہیں۔ وائرس جینو ٹائپنگ کی قسم سے بھی مشابہت رکھتا ہے جو برطانیہ میں سامنے آیا۔ محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ مسافروں سے رابطے میں آنے والے افراد کی معلومات لی جارہی ہیں، رابطے میں آنے والے تمام افراد کے کرونا ٹیسٹ ہوں گے۔ دوسری جانب پاکستان بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 63 مریض جاں بحق ہوئے جس کے بعد ملک میں کرونا وائرس سے اموات کی تعداد 9 ہزار 992 ہوگئی۔ نیشنل کمانڈ سینٹر کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے 1 ہزار 776 نئے کیسز سامنے آئے، ملک میں مجموعی کرونا کیسز کی تعداد 4 لاکھ 75 ہزار 85 ہوچکی ہے۔ ملک میں کرونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد 39 ہزار 599 ہے جبکہ کرونا وائرس کے 4 لاکھ 25 ہزار 494 مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کیپٹن (ر) محمد عثمان کے مطابق لاہور کے 33 علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن 10 جنوری تک نافذ رہے گا۔ نوٹیفکیشن کے مطابق جوہر ٹاؤن ایف ٹو، جی تھری کی ایک، ایک گلی اور عزیز بھٹی زون میں کینال کالونی کی ایک سٹریٹ، عسکری ایٹ اور ڈی ایچ اے فیز ایٹ کی ایک، ایک گلی میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ ڈیوائن گارڈن، والٹن روڈ کی ایک، ایک گلی، سپر ٹاؤن اور سوئی گیس سوسائٹی کی بھی ایک، ایک گلی سیل کی گئی ہے۔ علامہ اقبال ٹاؤن راوی بلاک، رچنا بلاک کی سٹریٹس اور خیبربلاک کی ایک، بھلہ سٹاپ ملتان روڈکی مین سٹریٹ میں سمارٹ لاک ڈاؤن لگایا گیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق ان علاقوں میں شاپنگ مالز، ریسٹورانٹ، سرکاری اور نجی دفاتر بند رہیں گے اور علاقہ مکینوں کی نقل وحمل محدود ہوگی، انتہائی ضرورت کے پیش نظر ایک فرد ایک سواری استعمال کرسکے گا۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیشِ نظر ضلع کورنگی کے 3 سب ڈویژن کی 5 یوسیز میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ جن علاقوں میں سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ان میں 3 سب ڈویژن کی 5 یوسیز کورنگی، شاہ فیصل اور ماڈل کالونی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق سمارٹ لاک ڈاؤن 29 دسمبر سے 12 جنوری تک نافذ العمل رہے گا۔ برطانوی دارالحکومت کرونا میں گھرنے کے باعث بدستور ویران ہے۔ لندن کی اہم شاہراہیں سنسان پڑی ہیں۔ برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ لندن جہاں ہر وقت سیاحوں کا رش رہتا تھا وہاں اب خوف کے سائے پھیلے ہیں۔ ٹین ڈائوننگ سٹریٹ، برطانوی پارلیمنٹ، آکسفورڈ سٹریٹ ، بکنگھم پیلس اور ٹریفلگر سکوائر جہاں کبھی ہر وقت مظاہرین، سیاح اور خریداروں کا ہجوم رہتا تھا، اب وہاں کرونا اور اس کی پابندیاں باقی ہیں۔ کرونا کے ایک کے بعد ایک وار اور اس کے بعد نت نئی پابندیوں نے شہر کو خالی کردیا۔ دنیا بھر میں کرونا وائرس کی وبا سے اموات کی تعداد17لاکھ 81ہزار تک پہنچ گئی، مختلف ملکوں میں مہلک وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد8 کروڑ 16 لاکھ سے تجاوز کرگئی ہے۔ پاکستان میں کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے ہیں جس کی تصدیق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے کی گئی ہے۔ محکمہ صحت نے تصدیق کی ہے کہ ان تمام متاثرہ افراد کا تعلق کراچی سے ہے اور وہ نجی ہسپتال میں زیرعلاج ہیں۔ بھارت میں بھی برطانیہ میں سامنے آنے والی کرونا وائرس کی نئی قسم کے کیسز سامنے آ گئے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت میں کرونا کی نئی قسم کے پہلے 7 کیسز سامنے آئے ہیں جن کی تصدیق برطانیہ سے آنے والے مسافروں میں کی گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ بنگلورو‘ حیدر آباد اور پونا کی لیبارٹریز میں لئے گئے نمونوں میں برطانیہ میں سامنے آنے والے کرونا کے نئے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کرونا کیسز میں اضافے کے بعد کراچی کے ضلع غربی کی 7 یوسیز میں آئندہ 14 روز کیلئے مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ کراچی کے ضلع غربی میں کرونا کیسز میں اضافے پر ضلعی انتظامیہ حرکت میں آ گئی۔ اورنگی ٹاؤن اور مومن آباد کی 7 یونین کونسلرز میں 29 دسمبر سے 11 جنوری تک مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کر دیا گیا۔ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار رام چرن میں بھی کرونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے۔ چرن جیوی کے بیٹے اور اداکار رام چرن نے خود ہی سوشل میڈیا پر پوسٹ میں کرونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔کرونا کے وار جاری، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران مزید 4 مشتبہ افراد زندگی کی بازی ہار گئے، جبکہ کرونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر الائیڈ ہسپتال نے ای این ٹی وارڈ بھی کرونا کے مریضوں کے علاج معالجہ کیلئے مختص کر دیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ الائیڈ ہسپتال میں زیرعلاج 60 سالہ عنائت بی بی زوجہ جان محمد، 82 سالہ حبیب الرحمن، 25 سالہ میر محمد اور 45 سالہ محمد شریف ولدل جلال دین کرونا کی ٹیسٹ رپورٹ آنے سے قبل ہی زندگی کی بازی ہار گئے۔ ہسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد نعشیں ورثاء کے حوالے کر دیں۔ دریں اثناء نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر (این سی او سی) نے قومی ویکسین حکمت عملی اور ویکسین کی جلد فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا۔ فورم کو کوویڈ ویکسین کی بروقت دستیابی کے لئے بین الاقوامی ویکسین سازوں کے ساتھ بات چیت کے بارے میں بتایا گیا۔ فورم کو ویکسین انتظامیہ اور عملے کی تربیت کے بارے میں بھی بتایا گیا۔ جبکہ ای پی آئی پروگرام کے نمائندوں کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ پروگرام میں بنیادی سطح تک رسائی کے لئی سٹرکٹ اور تحصیل سطح پر فوکل پوائنٹ متعین کریں۔ ذرائع کے مطابق کرونا ویکسین کی خریداری کے لیے مختلف ممالک کی کمپنیز سے رابطے کر لئے گئے ہیں۔ جو ملک جلد ویکسین فراہم کرے گا اس سے ویکسین خرید لی جائے گی۔برطانیہ میں کرونا کی تیسری لہر سے بچنے کے لئے ہفتہ وار 20 لاکھ افراد کو کرونا ویکسین لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں کرونا کی بگڑتی صورتحال اور نئی قسم کے وائرس سے پیدا ہونے والے خدشات کے پیش نظر کئی اہم فیصلے کئے گئے ہیں۔ برطانیہ میں کرونا وائرس کے کیسز میں خطرناک حد تک اضافہ ہو گیا۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہیلتھ کے مطابق ایک ہی روز میں کرونا کے ریکارڈ 50 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ 24 گھنٹوں میں کرونا سے مزید 414 اموات ہو گئیں جس سے برطانیہ میں کرونا سے اموات کی تعداد 71 ہزار 567 ہو گئی۔ 24 گھنٹوں میں 53 ہزار 135 نئے کرونا کیسز سامنے آ گئے۔ چین کے وسطی شہر ووہان نے نوول کرونا وائرس ویکسین مخصوص کلیدی گروہوں کو ہنگامی بنیادوں پر لگانا شروع کر دی ہے۔ کویت نے زمینی اور فضائی سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہ فیصلہ کویت کی کابینہ کے اجلاس میں کیا گیا کہ کویت یکم جنوری 2021ء کو تمام زمینی اور فضائی بارڈر کھول دے گا۔ کابینہ اجلاس کے بعد کہا گیا ہے کہ کویت میں غیرملکی پروازوں کی آمد کے حوالے سے فیصلے پر کرونا صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے نظرثانی بھی کی جا سکتی ہے۔