اداروں کیخلاف اپوزیشن کا بیانیہ اپنی موت مرچکا، حکومت مخالف تحریک میں جان نہیں : عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ قوم سابق ادوار میں ہونے والی اربوں روپے کی لوٹ مار نہیں بھولی۔ عوام کے خون پسینے کی کمائی پر ڈاکہ ڈال کر ذاتی محل تعمیر کئے گئے۔ عوام کے ٹیکسوں پر عیش کرنے والے رہنما نہیں راہزن ہیں۔ حکومت مخالف تحریک میں کوئی جان نہیں۔ اداروں کے خلاف مہم سوچی سمجھی سازش ہے۔ اپوزیشن کا اداروں کے خلاف بیانیہ اپنی موت آپ مر چکا ہے۔ ادارے ہمارا فخر ہیں اور اداروں کا احترام سب پر لازم ہے۔ ملک و قوم کو مشکلات سے نکالنے کیلئے پر عزم ہو کر کام کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کی حکومت عوام کو بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔ خلوص نیت سے کی گئی شبانہ روز محنت سے عوام کی زندگیوںمیں بہتری لا رہے ہیں اور ملک درست سمت رواں دواں ہو چکا ہے۔ مختصر عرصے میں مختلف شعبوں میں اصلاحات کر کے نئی مثال قائم کی ہے۔ عوام کی خوشحالی اور ترقی سے بڑھ کر کوئی چیز عزیز نہیں ہے۔ عمران خان اور ان کی ٹیم نے معیشت کو درست کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کئے ہیں۔ سمت درست اور نیت نیک ہے۔ ملک و قوم کی بہتری کیلئے کئے گئے فیصلوں کے مثبت اثرات سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔ سابق حکمرانوں نے اپنے دور میں عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ اپوزیشن کے پاس کوئی ایجنڈا نہیں۔ بدعنوان عناصر کو صرف لوٹ مار سے اکٹھی کی گئی دولت بچانے کی فکر ہے۔ کرپشن کے ناسور نے پاکستان کو پیچھے دھکیلا ہے۔ کرپشن کرنے والوں کو عوام کی ترقی کے سفر میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے۔ ملکی خزانے پر ہاتھ صاف کرنے والے عناصر آج کس منہ سے عوام کی بات کرتے ہیں۔ سابق ادوار میں کرپشن نہ ہوتی تو آج ملک قرضوں میں نہ ڈوبا ہوتا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کا شکر ہے طبیعت بتدریج بہتر ہو رہی ہے۔ فی الحال قرنطینہ میں ہوں اور کرونا کے باعث ضروری حکومتی امور گھر سے سرانجام دے رہا ہوں اور عوام سے انسداد کرونا ایس او پیز پر عمل کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی راولپنڈی کی ہونہار طالبہ کی تصویر پر فوری نوٹس لیتے ہوئے طالبہ کو دو لاکھ روپے کا امدادی چیک جاری کر دیا ہے۔ طالبہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کا مالی امداد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں تعلیم دوست انسان قرار دیا ہے۔