• news

2020ء : مہنگائی کا راج رہا، مٹن 98، بیف 44، انڈے 76، چینی 30روپے کلو مہنگی : ادارہ شماریات

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت کو پیش کی گئی سرکاری ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ اضافہ روزمرہ کی کھانے پینے کی اشیاء  میں ہوا جن میں سب سے زیادہ مہنگا مٹن ہوا  جس کی قیمت میں 98 روپے اضافہ ہوا۔ جبکہ بیف 43 روپے 89 پیسے فی کلو مہنگا ہوا۔ سرکاری دستاویز کے مطابق انڈے76 روپے فی درجن، مرغی 60 روپے فی کلو اور چینی 30 روپے فی کلو مہنگی ہوئی۔ اکتوبر میں چینی سال کی بلند ترین سطح 103 روپے 47 پیسے تک پہنچ گئی۔ سرکاری ذرائع کے مطابق 2020 میں چینی کی قیمتوں میں اضافے سے عوام پر 65 ارب روپے کا اضافی بوجھ پڑا۔ دستاویز کے مطابق گھی 32 روپے فی کلو، آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 130 روپے سے زائد، دودھ ساڑھے 11 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا جبکہ جنوری تا دسمبر 2020 آلو 4 روپے 22 پیسے، دہی ساڑھے13 روپے اور  چاول سوا 7 روپے کلو مہنگے ہوئے۔ دستاویز کے مطابق دالوں کی قیمتوں میں بھی پورا سال اضافہ جاری رہا جس میں دال ماش ساڑھے 31 روپے فی کلو، دال مسور 11روپے 64 پیسے اور دال مونگ ساڑھے 6 روپے کلو مہنگی ہوئی۔ دستاویز میں بتایا ہے کہ  گڑ 10 روپے کلو اور کیلے3 روپے درجن مہنگے ہوئے جب کہ ٹماٹر سال کے آغاز پر پہلے مہنگے اور آخر میں 95 روپے فی کلو سستے ہوئے۔ اس کے علاوہ پیاز 16 روپے، لہسن 35 اور دال چنا 7 روپے فی کلو سستی ہوئی جبکہ ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 450 روپے سستا ہوا۔

ای پیپر-دی نیشن