• news

سول جج سے تنازعہ پر ہڑتال: اے سی ساہیوال ، سرگودھا طلب، دیکھتے ہیں کیسے عدالت کو سیل کیا جاتا ہے : جسٹس قاسم

لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے اسسٹنٹ کمشنر ساہیوال/ سرگودھا اور سول جج کے درمیان تنازعہ پر ہڑتال کرنے کے معاملے پر  اسسٹنٹ کمشنر کو طلب کرلیا اور ریمارکس دیئے کہ دیکھتے ہیں کہ کیسے عدالت کو سیل کیا جاتا ہے؟۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بیوروکریسی کی ہڑتال کیخلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دیئے کہ مجسٹریٹ سے لیکر ہر جج کا حکم عدلیہ کا حکم ہے اسے ہر صورت پورا کرنا ضروری ہے۔ جسٹس قاسم خان نے باور کرایا کہ ان کی زندگی میں وہ وقت نہیں آئے گا جب عدالتوں کو تالے لگیں۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ بتائیں کس کس افسر نے ہڑتال کی اور ہڑتال کی کال دی ہے؟۔ سرکاری وکیل نے وضاحت کی کہ کسی سرکاری افسر نے ہڑتال نہیں کی۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ ساہیوال‘ سرگودھا کے اسسٹنٹ کمشنر نے کہا ہے کہ وہ عدالتوں کو سیل کر سکتا ہے۔ پنجاب حکومت نے فرودس عاشق اعوان کا بیان عدالت میں داخل کرایا۔ چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ فردوس عاشق اعوان کے جواب میں وہ عدلیہ کی کیا پیغام دینا چاہ رہی ہیں۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے ہدایت کی کہ فردوس عاشق اعوان بیان حلفی دیں کہ انکا پیغام میڈیا اور بیوروکریسی کے لیے تھا۔ عدلیہ کے لیے نہیں تھا۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے رجسٹرار ہائیکورٹ سے تنازعہ کے بارے میں تفصیلی رپورٹ مانگ لی۔

ای پیپر-دی نیشن