پہلاٹیسٹ : پاکستان ٹیم مشکلات کا شکار، جیت کیلئے مزید302رنز درکار، نیوزی لینڈ کو 7وکٹیں درکار
لاہو ر(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز پاکستانی ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں پر 71 رنز بنالیے جبکہ جیت کیلئے مزید 302 رنز درکار ہیں۔ اظہر علی 34 اور فواد عالم 21 رنز کیساتھ کریز پر موجود تھے، شان مسعود اور عابد علی صفر پر پویلین لوٹے جبکہ حارث سہیل 9 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوئے۔ ٹم ساؤتھی نے 2 اور ٹرینٹ بولٹ نے ایک وکٹ حاصل کی۔ماونٹ منگنوئی ٹیسٹ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ کے 373 رنز کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم ابتدا میں ہی مشکل میں گھری رہی، نیوزی لینڈ کے373 رنزکے تعاقب میں صفر پر دونوں اوپنر کے پویلین لوٹ جانے کے بعد پاکستان کی تیسری وکٹ37رنز پر گر گئی، حارث سہیل 9 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ دوسری اننگز میں پاکستان ٹیم کا مایوس کْن آغاز رہا، پاکستان کی جانب سے دونوں اوپنرز عابد علی اور شان مسعود بغیر رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔نیوزی لینڈ نے چوتھے روز کے کھیل کا آغاز کیا اور نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان نے دوسری اننگز 180 رنز پر ڈکلیئرڈ کی، پاکستان کو جیت کیلئے 373 رنزکا ہدف دیا۔ پاکستان ٹیم پہلی اننگز میں 239 رنزبنا کر آؤٹ ہوگئی تھی۔نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز 5 کھلاڑی آؤٹ 180 رنز پرڈکلیئرڈ کی۔ میچ کے چوتھے روز نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز شروع کی تو پہلے سیشن میں ٹام بلنڈل نے نصف سنچری مکمل کی جبکہ ٹام لیتھم 36رنز پر ناقابل شکست تھے۔نیوزی لینڈ ٹیم کے کپتان کین ولیمسن 21 ، راس ٹیلر 12 اور ہینری نکلز 11 رنز بنا سکے۔ کین ولیمسن نے اپنی اننگز میں پاکستان کیخلاف ایک ہزار رنز بھی مکمل کیے۔دوسری اننگزمیں نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 111 رنز پر گری، جبکہ دوسری وکٹ 139 رنزپر گری۔پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں، محمد عباس نے ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔