پی پی کی بلی تھیلے سے باہر، خواجہ آصف کو بہت پہلے پکڑنا چاہئے تھا: فردوس عاشق
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب کی معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے بیان میں کہا ہے کہپنجاب میں اب تک کرونا کے مریضوں کی تعداد136669 ہو چکی ہے اور پنجاب میں 24 گھنٹے کے دوران کرونا کے 522 مریض رپورٹ ہوئے جبکہ 38مریض جاں بحق ہوئے۔پنجاب میں کرونا سے اب تک 3,959 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ کرونا پر سیاست چمکانے والا ٹولہ ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے۔ پی ڈی ایم نے اداروں کو متنازعہ بنانے کی مذموم کوشش کی ہے۔ اپوزیشن ملک دشمن ایجنڈے پر چل رہی ہے۔ راجکماری اور شہزادہ دونوں دن کے وقت وزارت عظمی کے خواب دیکھ رہے ہیں۔ بلی کو ہروقت خواب میں چھچھڑے ہی نظر آتے ہیں۔ راجکماری اور شہزادہ ذہن نشین کر لیں کہ یہ بادشاہت کا ددور نہیں۔ آپ دونوں کے ابا جی کا اقتدار کرپشن میں لت پت رہا۔ اب پاکستان بدل چکا ہے اور وزارت عظمیٰ پر عوامی وزیراعظم موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کرپشن کے بت پاش پاش کئے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان کے ہوتے ہوئے چوروں اور لٹیروں کو کوئی این آر او نہیں ملے گا۔خواجہ آصف کو بہت پہلے گرفتار کر لینا چاہیے تھا۔ خواجہ آصف کے آمدن سے زیادہ اثاثوں کے پیچھے قومی خزانے کی لوٹ مار کے سوا کیا۔ سوچ کارفرما ہو سکتی ہے؟ پیپلز پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے بعد آخرکار بلی تھیلے سے باہر آ گئی۔ بلاول نے پی ڈی ایم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا دیا۔ پیپلز پارٹی نے پی ڈی ایم کو حکومت کے خلاف ایوان میں احتجاج کرنے کا لالی پاپ دے دیا۔ مولانا فضل الرحمان نے حکومت کے خلاف تحریک شروع کی تو انکی اپنی جماعت کے ٹکڑے ہو گئے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے صوبائی وزیر ترقی خواتین آشفہ ریاض فتیانہ کے ہمراہ 90 شاہراہ قائد اعظم پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اور بعد ازاں اپنے ایک بیان میںکیا۔ معاون خصوصی نے کہا کہ آصف زرداری نے پی ڈی ایم بیانیہ کو موت کے گھاٹ اتار دیا۔ استعفے دینے کیلئے جرات اور ہمت چاہئے۔ سپیکر پارلیمنٹ میں آوازیں لگا رہے ہیں کہ استعفے لائیں اور یہ چھپتے پھر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راجکماری نے ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے نظریاتی کارکنوں کے سینے چھلنی کر دیئے۔ بھٹو کو غدار اور بے نظیر کو سکیورٹی رسک کہنے والی ن لیگی قیادت نے بے نظیر کے مزار پر حاضری دے کر اپنے ہی بیانیہ کی نفی کی۔ مولانا فضل الرحمان دو سیاسی نومولودوں کے ساتھ گڈا گڈی کھیل رہے ہیں۔ مولانا ہمیشہ خواتین کو کسی بھی قسم کا سیاسی رول دینے کے مخالف رہے اور آج اقتدار کے حصول کیلئے مریم نواز کے پیچھے کھڑے ہونا اعزاز سمجھتے ہیں۔