سٹیل ملز ملازمین کا سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہر مظاہرہ
کراچی(این این آئی)سپریم کورٹ کراچی رجسٹری کے باہرمنگل کوسٹیل ملز کے ملازمین نے احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرین نے فیس ماسک پر مزدور کو جینے دو کے نعرے درج کیے ہوئے تھے۔ مظاہرین چیف جسٹس کی آمد سے قبل ہی سپریم کورٹ کراچی رجسٹری پہنچ گئے جہاں انہوں نے برطرفیوں کے خلاف احتجاج کیا اور شدید نعرے بازی بھی کی۔ ملازمین نے کہاکہ 4 ہزار 544 ملازمین کو بغیر کسی وجہ کے نکال دیا گیا۔ 1400 افسران اور3100 ملازم 2 سے 3 سکیل کے ملازمین ہیں۔2009 سے ہماری تنخواہوں کو بڑھایا نہیں گیا۔ مظاہرین نے کہاکہ وزیراعظم عمران خان نے جو وعدے کیے تھے وہ پورے نہیں کیے۔ ملازمین کو نکالنے کا مقصد واضح ہے کہ سٹیل ملز بند ہونے کی جانب ہے۔مظاہرین نے مطالبہ کیاکہ چیف جسٹس آف پاکستان سٹیل ملز کے ملازمین کو برطرف کرنے پر نوٹس لیں۔ حکومت نے سٹیل ملز کے حوالے سے جو عدالتی احکامات بیان کئے ہیں وہ حقیقت کے منافی ہیں۔