سلندر پھٹنے، گیس لیکج سے کراچی، کوئٹہ میں 3 بہن بھائیوں سمیت 6 افراد جاں بحق
کراچی، کوئٹہ (این این آئی+ آئی این پی) کراچی کے علاقے محمود آباد کشمیر کالونی میں مکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ جس کے نتیجے میں 3بہن بھائی جاں بحق جبکہ میاں بیوی اور ایک بچہ شدید زخمی ہوگیا۔ طبی امداد کے لیے سول ہسپتال کے برنس وارڈ منتقل کردیا گیا۔ جن کی حالت بھی تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔ محنت کش فیاض ایک کمرے کے گھر میں اپنے بیوی اور پانچ بچوں کے ہمراہ رہائش پذیر تھا۔ علاقہ مکینوں کے مطابق علاقے میں گزشتہ دس روز سے گیس کی بندش ہے اس لئے مکین گیس کے سلنڈر استعمال کررہے تھے۔ اچانک مکان میں دھماکے کے بعد آگ بھڑک اٹھی۔ مکان سے تین بچوں کی نعشیں نکالی گئیں۔ جاں بحق ہونے والے بچوں کی شناخت7 سالہ سلمیٰ، 3سالہ حمزہ اورایک سالہ شیر خوار عمامہ کے نام سے ہوئی۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمی میاں بیوی 100فیصد جھلس گئے ہیں۔ ڈاکٹروں کے مطابق انکی حالت تشویشناک ہے۔ صوبائی وزیر محنت سعید غنی بھی متاثرہ گھر پہنچے اور جائزہ لیا۔ دوسری کوئٹہ کے ہزارہ ٹائون کے علاقے بشیر ٹائون میں گیس لیکج کے باعث دھماکہ کے نتیجے میں 2 خواتین بخت بی بی زوجہ حبیب اﷲ‘ زیبا زوجہ محمد انور اور حبیب اﷲ ولد سلمان جان زندگی کی بازی ہار گئے ہیں۔