• news

بھارت کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا، اسرائیل سے متعلق موقف پر قائم: شاہ محمود 

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردوں کی تربیت اور کالعدم تنظیموں کی معاونت کر رہا ہے۔ ایک بیان میں وزیر خارجہ نے کہاکہ بھارت، پاکستان کے خلاف اپنی سرزمین استعمال کر رہا ہے۔"ای - یو، ڈس انفولیب" نے بھارت کے گھنائونے عزائم کو مزید بے نقاب کر دیا ہے۔  گذشتہ دنوں، ثبوتوں پر مبنی ڈوزئیر کے ذریعے عالمی برادری پر واضح کیا کہ بھارت اپنی اندرونی ناگفتہ بہہ صورت حال سے عالمی توجہ ہٹانے کیلئے فالس فلیگ آپریشن جیسا ناٹک رچا سکتا ہے۔ اسرائیل کے حوالے سے ہمارا موقف واضح اور دو ٹوک ہے۔ اس پر ہم کل بھی قائم تھے اور آج بھی قائم ہیں اور اب تو اسرائیل نے بھی وضاحت کر دی ہے۔ اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہم پر کسی قسم کا کوئی دبا ئو نہیں۔ وزیرخارجہ نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے تاریخی برادرانہ تعلقات ہیں۔ سعودی عرب نے نیامے ڈیکلریشن میں کھل کر پاکستان کا ساتھ دیا۔ سعودی عرب کا ایک بہت بڑا وفد جلد پاکستان آ رہا ہے جس میں ان کے وزیر خارجہ سمیت اہم شخصیات شامل ہوں گی۔ یہ سب اس بات کی غمازی کرتا ہے کہ ہمارے سعودی عرب کے ساتھ دو طرفہ تعلقات مزید مستحکم ہو رہے ہیں۔ اے پی پی کے مطابق شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے احتجاج، لانگ مارچ اور جلسوں سے یہ حکومت کہیں نہیں جائے گی۔ ان کی 31 جنوری کی ڈیڈ لائن کا بھی وہی حال ہوگا جو 31 دسمبر کی ڈیڈ لائن کا ہوا۔ 31 دسمبر  کو ان کے استعفے آنے تھے؟ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کو عوام کا اعتماد حاصل ہے۔ وہ پی ڈی ایم کے کہنے پر کیوں مستعفی ہوں گے؟۔ میں پی ڈی ایم کو آج کہہ رہا ہوں کہ وزیراعظم عمران خان 31 جنوری کو مستعفی نہیں ہوں گے۔ وہ 31 جنوری کا انتظار کیوں کرتے ہیں۔ انہیں جو فیصلہ کرنا ہے ابھی کر لیں۔ ن لیگ کی قیادت کو بتانا ہوگا کہ مولانا اجمل قادری کس ایجنڈے پر اور کیا پیغام لیکر اسرائیل گئے؟۔ 

ای پیپر-دی نیشن