• news

حکومت ہر محاذ پر پسپا‘ ملکی پالیسیوں پر آئی ایم ایف قابض ہے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک بری طرح سیاسی گرداب میں پھنس چکا ہے۔ حکومت معاشی، سماجی، سیاسی اور سفارتی، چاروں محاذوں پر پسپا ہو رہی ہے۔ آئی ایم ایف عملی طور پر ملک کی پالیسیوں پر قابض ہے۔ وزیراعظم گورننس، شفافیت، اکانومی اور احتساب پر میگا یوٹرن لے چکے ہیں ۔ وزیراعظم کے یوٹرنز اب سکول کے بچے بھی گنوا سکتے ہیں۔ اگر اس حوالے سے پرائمری سکولز کے بچوں کا مقابلہ کروایا جائے تو چاروں صوبوں سے کوئی بچہ فیل نہیں ہوگا۔ 2021ء حکومت کے لیے ہر حوالے سے گھبرانے کا سال ہوگا۔ بجلی کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے دیر میں کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ خان و دیگر رہنما بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ ملک اس وقت شدید سیاسی گرداب میں پھنس چکا ہے۔ حکومت تمام محاذوں پر بری طرح بحرانوں میں مبتلا ہے۔ وزیراعظم نے حکومت میں آنے سے پہلے قوم سے جو وعدے کیے تھے، وہ نہ صرف پورے نہیں ہوئے بلکہ تمام اقدامات اس کے برعکس ہیں۔ گورننس میں ناکامی کا اعتراف وہ خود کر چکے ہیں۔ عالمی اداروں کی رپورٹس کے مطابق کرپشن میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ حکومت کے اکانومی بارے بیان کردہ اعشاریوں میں مکمل طور پر تضاد پایا جاتا ہے۔ خطے میں اکانومی کے اعتبار سے ہم نیپال اور افغانستان سے بھی پیچھے جاچکے ہیں۔ ہماری کرنسی کاغذ کا ایک ٹکڑا بن چکی ہے۔ دو سال کے اندر اس کی قدر میں 38 فیصد کمی ہوئی۔ احتساب پر وزیراعظم کا سارا بیانیہ جذباتی نکلا۔ ان کے اردگرد وہ مافیاز موجود ہیں جو احتساب کے لیے سب سے پہلے مطلوب ہونے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی ، بے روزگاری نے غریب سے اس کی دو وقت کی روٹی بھی چھین لی ہے ۔ گزشتہ اڑھائی سالوں میں لاکھوں لوگ خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے پر مجبور کردیے گئے ہیں۔ ایسے حالات میں جماعت اسلامی نے حکومت مخالف تحریک شروع کر کے عوا م کی حقیقی ترجمانی کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عوام سے کیے گئے وعدوں کی پاسداری کرتے ہوئے فور ی طور پر مہنگائی میں نمایاں کمی کرے۔

ای پیپر-دی نیشن