• news

متنازعہفلم کا مقصد امت مسلمہ کی وحدت کو نقصان پہنچانا ہے: طاہر اشرفی 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) نمائندہ خصوصی وزیر اعظم برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی اور دیگر علماء کرام  عارف واحدی،  ضیاء اللہ شاہ بخاری،  محمد خان لغاری،  اسعد زکریا قاسمی،  قاسم قاسمی اور طاہر الحسن نے سوشل میڈیا پربرطانوی نجی عربی ٹی وی کی جانب سے تیار کردہ فلم ’’دی لیڈی آف ہیون‘‘ کا ٹریلر منظر عام پر آنے کے بعد فلم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ خاتون جنت فلم میں متنازعہ  مواد شامل کر نا انتہائی قبیح اور مذ مو م حرکت ہے۔ ’’خاتون جنت‘‘ نامی فلم کا مقصد امت مسلمہ کی وحدت اور اتحاد کو نقصان پہنچانا ہے۔ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ ایسی ایک متنازعہ فلم بھارت میں 2019ء میں بنانے کی کوشش کی گئی تھی جس کیخلاف بھر پور آواز اٹھائی گئی اور اس کا راستہ روکا، اس کا بھی روکیں گے۔ رہنماؤں نے کہا کہ اس طرح کی فلمیں مسلمانوں کے درمیان تفرقہ، بغض و عداوت ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ عالم اسلام کی شخصیات نے تفرقہ آمیز عناصر کو انکے مذموم مقاصد و اہداف و عزائم میں ناکامی دلائی ہے۔ رہنماؤں نے کہا کہ عالم اسلام کے لئے ایک عظیم سرمایہ ’’وحدت‘‘ ہے۔ ہمیں ان کے طرز زندگی کو اپنانے اور اتحاد دشمن عناصر کے تمام عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے پہلے سے زیادہ اتحاد کی ضرورت ہے تاکہ اتحاد دشمن عناصر کے خواہ وہ کسی شکل میں ہوں تمام عزائم کو ناکام بنایا جاسکے۔

ای پیپر-دی نیشن