پاکستان بار کونسل کے انتخابات آج‘ پنجاب کی 11 سیٹوں کیلئے 25 امیدواروں میں مقابلہ
لاہور (وقائع نگار خصوصی) پاکستان بار کونسل کے انتخابات آج ملک بھر میں منعقد ہو رہے ہیں۔ صوبہ پنجاب میں گیارہ سیٹوں کیلئے 25 امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ پانچ سال کیلئے ہونیوالے الیکشن کی پولنگ کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ پاکستان بار کونسل کے امیدواروں کیلئے صوبائی بار کونسلز کے ارکان بطور ووٹر اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔ الیکشن اٹارنی جنرل آف پاکستان کی نگرانی میں ہوں گے۔ پولنگ لاہور سمیت تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں منعقد ہوگی۔ پاکستان بار کونسل کے انتخابات کا انعقاد پنجاب کے لیے ایڈووکیٹ جنرل پنجاب آفس میں سجے گا۔ ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بطور پولنگ آفیسر فرائض سرانجام دیں گے۔ دو گروپس عاصمہ جہانگیر گروپ اور پروفیشنل گروپ مد مقابل ہوں گے۔ امیدواروں میں سابق ممبر پاکستان بار کونسل حفیظ الرحمان چودھری، احسن بھون، اعظم نذیر تارڑ، عابد ساقی، پیر مسعود چشتی، شفقت محمود چوہان، اشتیاق اے خان، محمد مقصود بٹر، نذیر احمد غازی، سید قلب حسن، چودھری طاہر نصراللہ وڑائچ، پرویز عنایت ملک، رانا ضیاء عبدالرحمن، حسن رضا پاشا، ملک حیدر عثمان، شیخ محمد سلیمان، داؤد وینس، خادم حسین قیصر، محمود اشرف خان، حافظ انصار الحق، سید شبر رضا، رمضان چودھری، شیخ حمید حیات، میاں اسرارالحق سمیت دیگر شامل ہیں۔ انتخابات کے نتائج کا اعلان 5 جنوری کو کیا جائے گا۔