بجلی 1.6 روپے یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری سے متعلق نیپرا نے فیصلہ محفوظ کر لیا
اسلام آباد (خصوصی نمائندہ) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے بجلی 1 روپے6 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری سے متعلقہ فیصلہ محفوظ کر لیا ۔ اگر قیمت میں اضافہ کیا گیا تو اس سے غریب عوام پر8 ارب40 کروڑ روپے کا بوجھ پڑے گا۔ چیئرمین نیپرا کی سربراہی میں اتھارٹی نے سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی کی اکتوبر اور نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت کی۔ سی پی پی اے کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ فرنس آئل سے بجلی پیداوار پر15 ارب روپے کی کٹوتی ہوچکی ہے۔ اگر فرنس آئل والے پلانٹس نہیں چلانے تو پھر ان کو میرٹ آرڈر سے ہٹا کر بند کر دیا جائے، اکتوبر میں650 کی بجائے627 ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی گئی۔ نیپرا حکام نے بتایا کہ ایل این جی کی کمی سے پلانٹس فرنس آئل پر چلائے گئے جس پر چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ اگر گیس کوٹہ نہیں مل رہا تو اس کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے کوشش کرنی چاہیے، نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی کے حکام نے موقف اپنایا کہ فرنس آئل والے پلانٹس چلانے دیں یا لوڈشیڈنگ ہونے دیں۔ وائس چیئرمین نیپرا سیف اللہ چٹھہ نے کہا کہ لوڈشیڈنگ کرنے کے حق میں بالکل بھی نہیں کیونکہ گھریلو،کمرشل اورصنعتی صارفین کیلئے لوڈشیڈنگ کسی صورت سودمند نہیں، اس موقع پر چیئرمین نیپرا کا کہنا تھا کہ 19 ارب کا فرنس آئل جلادیا گیا اگر اس میں سے 1 ارب سسٹم بہتری کیلئے لگ جاتے تو زیادہ بہترہوتا۔