ہاکی کی بہتری کیلئے وزارت ریلوے کردار کردا ادا کریگی : اعظم سواتی
لاہور(سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے وفاقی وزیر ریلوے اعظم سواتی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ اولمپیئن خواجہ جنید بھی موجود تھے۔ آصف باجوہ نے وفاقی وزیر کو سوینئر بھی پیش کیا۔ اعظم سواتی نے کہا کہ قومی کھیل کی ترقی و ترویج میں وزارت ریلوے بھر پور کردار ادا کریگی۔ ملک بھر میں مختلف کھیلوں کے میدان خالی پڑے ہیں۔ بچوں میں کھیلوں کے رجحان بڑھانے کیلئے ہر ممکن عملی اقدامات اٹھائیں گے۔قومی کھیل ہاکی کی عظمت کو بحال کرنے کیلئے پی ایچ ایف کیساتھ بھرپور معاونت کریں گے۔ ریلوے کی ہاکی ٹیم کھلاڑی مستقبل میں قومی ٹیم کا حصہ بن کر دنیا میں پاکستان کا نام روشن کریں گے۔ پی ایچ ایف سیکرٹری اولمپیئن آصف باجوہ نے کہا وفاقی وزیر برائے ریلوے اعظم سواتی کا قومی کھیل کے بہتر مستقبل کیلئے مثبت و عملی سوچ قومی کھیل کے مستقبل کیلئے کسی نوید سے کم نہیں۔وزارت ریلوے کی جانب سے قومی ہاکی کی ترقی و ترویج میں پی ایچ ایف کا بھرپور ساتھ دینے کی یقین دہانی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔