مرتضی جاوید، سجاد اعوان نے تصدیق نہیں کی، استعفے جعلی ہیں، سپیکر قومی اسمبلی
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے مسلم لیگ (ن) کے دونوں ارکان مرتضیٰ جاوید عباسی اور محمد سجاد اعوان کے استعفے جعلی قرار دے دیئے۔ سپیکر قومی اسمبلی نے رولنگ دی کہ دونوں اراکین نے اپنے استعفوں کی تصدیق نہیں کی اور انہیں جعلی قرار دیا۔ سپیکر نے قرار دیا کہ موصول ہونے والے استعفے متعلقہ ممبران کے ثابت نہیں ہوسکے۔ استعفوں کی تصدیق نہ ہونے کے باعث ان پر مزید کارروائی کی ضرورت نہیں، لہذا انہیں جعلی قرار دیا جاتا ہے۔ مرتضیٰ جاوید اورسجاد اعوان کے استعفے ان کے سرکاری لیٹر ہیڈ پیڈ پر 14 دسمبر 2020ء کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوئے تھے۔ استفعوں پر کارروائی قانون، قواعد، گائیڈ لائنز اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی عمل میں لائی گئی۔ اسد قیصر نے مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان کی استدعا منظور کر لی۔ اسد قیصر نے کہا کہ دونوں کے استعفے منظور نہیں کئے جائیں گے۔ لیگی ارکان نے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سے استفعے منظور نہ کرنے کی استدعا کی تھی۔ مرتضیٰ جاوید عباسی اور سجاد اعوان نے استعفے صرف پارٹی قیادت کے پاس جمع کرانے کا موقف اپنایا تھا۔