لیگی ایم این اے کے بیٹے‘ طلال کے فرنٹ مین سمیت 8 افراد کیخلاف مقدمہ‘ گرفتاری کیلئے چھاپے
لاہور‘ قصور (سٹاف رپورٹر+ نمائندہ نوائے وقت) اینٹی کرپشن حکام کے مطابق سابق وفاقی وزیر، مسلم لیگ ن کے رہنما طلال چوہدری کے فرنٹ مین اور سابقہ ناظم راشد سلیم پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے\ فیصل آباد ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور ٹی ایم اے کھرڑیانوالہ کے بلڈنگ انسپکٹر ہنی شہزاد اور فیصل منیر سمیت سات افراد پر مقدمہ درج کیا گیا۔ سی ای او البین ٹیکسٹائل محمد آصف اور محمد رفیق آرائیں بھی مقدمے میں نامزد ہیں۔ ملزمان نے زرعی مقاصد کے لئے الاٹ رقبہ پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی، ٹیکسٹائل مل اور کمپیوٹر سینٹر بنا رکھے ہیں۔ ملزمان کے خلاف غیر قانونی قبضہ، جعل سازی اور سرکاری خزانے کو فیس کی مد میں کروڑوں روپے نقصان پہنچانے پر مقدمہ درج کیا گیا۔ ملزمان نے زرعی مقاصد کے لئے مختص شدہ ساڑھے پانچ ایکڑ سرکاری اراضی پر قبضہ کیا۔ ملزم راشد سلیم گروو مور فوڈ اسکیم کے تحت الاٹ شدہ رقبہ پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹی بنا کر فروخت کر رہا تھا۔ قصورسے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق ملک رشید لیگی ایم این اے ملک رشید کے بیٹے کے خلاف اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر لیاتفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کے ایم این اے ملک رشید، ملک محمد احمد خاں ایم پی اے ملک احمد سعید خاں ایم پی اے کے کزن ملک مظہر رشید احمد خاں ایڈووکیٹ کے خلاف 40کنال اراضی پر قبضہ کے الزام میں اینٹی کرپشن نے مقدمہ درج کر لیا۔ گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔