پنجاب میں ہمارے دور کے فلاحی‘ ترقیاتی کام مسلم لیگ (ن) نے بروقت مکمل نہیں ہونے دیئے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے صوبائی وزیر زکوٰۃ و عشر شوکت علی لالیکا نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب میں ہمارے دور کے فلاحی اور ترقیاتی کاموں کو مسلم لیگ (ن) نے بروقت مکمل نہیں ہونے دیا جس کی وجہ سے عوام کو صحت، تعلیم اور بنیادی سہولتوں سے محروم ہونا پڑا، بہت سی قیمتی جانیں ضائع ہو گئیں، بچے سکولوں میں داخل نہ ہو سکے۔ ورلڈ بینک کے تعاون سے جو منصوبے شروع کیے تھے وہ بھی (ن) لیگ کی غلط پالیسیوں کی نذر ہوگئے۔ صوبائی وزیر شوکت علی لالیکا نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں اتنی بڑی اپوزیشن ہونے کے باوجود آپ نے اسمبلی کا ماحول کنٹرول میں رکھا ہے، کسی رکن اسمبلی کو آپ سے کوئی شکایت نہیں، کرونا کی وجہ سے آپ نے اسمبلی اجلاس پہلی بار ہوٹل میں کم لاگت میں منعقد کیا، حکومتی اتحادی ہونے کے ناطے آپ نے ہر موقع پر حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ بھی تحریک انصاف اور مسلم لیگ (ق) مل کر عوامی فلاحی منصوبوں کو جاری رکھیں گی۔