• news

کرونا چینی کمپنی کی 12 لاکھ ویکسین خریدنے کا فیصلہ، مزید58 جاں بحق

اسلام آباد (خصوصی نمائندہ+نوائے وقت رپورٹ )ملک میں 2020 کرونا وائرس لاکھوں انسانوں کو متاثر کرتے ہوئے گزرگیا، ملک میں مزید 2 ہزار 475 مریض متاثرجبکہ 58 مریض انتقال کرگئے، اموات کی تعداد 10 ہزار 105تک پہنچ چکی، فعال کیسز 34 ہزار 357 ہوگئے۔ تاہم 4 ہزار 960 مریض شفایاب بھی ہوئے۔  متاثرین کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 79 ہزار 715 ہوگئی، مجبوعی 4 لاکھ 35 ہزار 73 صحتیاب ہوئے ہیں۔ حکومت نے چینی کمپنی کی 12 لاکھ  ویکسین خریدنے کا فیصلہ کر لیا۔  صوبہ سندھ میں مزید ایک ہزار 232 کیسز، مجموعی تعداد 2 لاکھ 14 ہزار 425 تک پہنچ گئی۔ مزید 13 مریضوں کا انتقال، تعداد 3 ہزار 533 تک پہنچ گئی، صوبہ پنجاب میں 654 نئے کیسز سامنے آئے، متاثرین ایک لاکھ 37 ہزار 949 ہوگئے۔ مزید 31 مریض لقمہ اجل بنے،اموات 4 ہزار 13 ہوگئیں۔ خیبرپی کے  میں مزید 397 متاثر، مجموعی متاثرین 58 ہزار 379 ہوگئی۔ مزید 11 مریضوں کا انتقال، مرنے والوں کی تعداد ایک ہزار 638 پر جا پہنچی۔ بلوچستان میں 30 کیسز، مجموعی 18 ہزار 148 ہوگئے۔ مرنے والوں میں ایک فرد کا اضافہ ہوا، تعداد 183 تک پہنچ گئی۔ اسلام آباد میں مزید 146 کیسز، متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 702 تک جا پہنچی۔  مزید ایک مریض جاں بحق ہوا، اموات 416 تک پہنچ گئیں۔ آزاد کشمیر میں مزید 15 شکار، متاثرین کی تعداد 8 ہزار 256 ہوگئی۔  مزید ایک مریض کا انتقال، اموات  221 تک جا پہنچی۔ گلگت بلتستان میں صرف ایک کیس سامنے آیا، تعداد 4 ہزار 856 تک پہنچ گئی۔اموات 101 پر برقرار ہیں۔ شفایاب ہونے والے مریضوں کی  مجموعی تعداد 4 لاکھ 35 ہزار 73 ہوگئی۔ملک بھرمیں کرونا مثبت کیسزکی شرح5.92 فیصد ہوگئی۔ کراچی میں کرونا مثبت کیسزکی شرح زیادہ 13.84 فیصد ہے۔حیدرآباد میں شرح8.79 فیصد، سوات 7.89، آزاد جموں کشمیر2.14، بلوچستان 4.95،اسلام آباد3.98، خیبر پی کے5.87، پنجاب4.44 اور سندھ میں مثبت کیسز کی شرح 8.40 فیصد ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر این سی او  نے  قومی ویکسین حکمت عملی پر عملدرآمد کے بارے میں ایک خصوصی اجلاس منعقدکیا ۔این سی او سی کے اجلاس میں کرونا وائرس کی وبا سے متعلق گراف، اعداد و شمار اور قومی ویکسین حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق داد نے وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی  ۔ وزیر اعظم  کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان ، اقتصادی امور ڈویڑن کی وفاقی وزیر خسرو بختیار ، غربت کے خاتمے کے بارے میں ایس اے پی ایم ڈاکٹر ثانیہ نشتر ، چیئرمین نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز ستی ، سرجن جنرل پاکستان آرمی لیفٹیننٹ جنرل نگار جوہر اور ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز (ڈی جی ایم او)میجر جنرل نعمان ذکریا نے این سی او سی کے خصوصی اجلاس میں شرکت کی۔قومی کوآرڈینیٹر این سی او سی جنرل حمود الزمان نے این سی او سی کے فیصلے کے مطابق قومی ویکسین کی حکمت عملی کے بارے میں فورم کو اپ ڈیٹ کیا۔مہلک عالمی کرونا وائرس کے باعث دنیا بھر میں ہلاکتیں 1812108ہو گئیں ،مصدقہ کیسز8کروڑ30لاکھ 63ہزار سے تجاوز کر گئے ۔ ہلاکتیں 350778،کیسز2کروڑ 2لاکھ16ہزارہوگئے بھارت  ہلاکتیں 148774، کیسز 1 کروڑ 2 لاکھ 67 ہزار  سے بڑھ گئے۔ برطانیہ میں ہلاکتیں72548ہو گئیں ،متاثرین کی تعداد24لاکھ32ہزارہو گئی۔  علاوہ ازیں آرپیشن ڈی آئی جی جنوبی پنجاب ظفر اعوان کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا۔ گوجرانوالہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق  ایس ای سٹی گیپکو کے پرسنل سٹاف آفیسر محمد مشتاق احمد گزشتہ روز کرونا کے باعث انتقال کر گئے‘  مشتاق احمد گزشتہ چھ روز سے کرونا سے متاثر اور قرنطینہ میں تھے۔ ٹوئٹر پر جاری بیان میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا کہ کابینہ کمیٹی  نے فیصلہ کیا ہے کہ ابتدائی طور پر چین کی کمپنی سائنو فارم سے ویکسین کی 12  لاکھ خوراکیں خریداری جائیں گی جو 2021ء کی پہلی سہ ماہی میں فرنٹ لائن ورکرز کو مفت مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ سیکٹر اگر کوئی اور بین الاقوامی طور پر منظور شدہ ویکسین امپورٹ کرنا چاہئے تو وہ بھی کر سکتا ہے۔  دوسری جانب اس ضمن میں  گزشتہ روز وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے بھی  بھی ٹوئٹر پر جاری  بیان میں کہا تھا کہ کیبنٹ کمیٹی کے اجلاس میں 10  لاکھ کرونا ویکسین خریدنے کی منظوری دی گئی ہے جو تمام فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو فراہم کی جائے گی۔  اسد عمر کا کہنا  تھا کہ جتنی جلدی ڈریپ کے ماہرین ویکسین کی منظوری دیتے ہیں۔ ہمارا ہدف جنوری کی پہلی سہ ماہی میں ویکسین کی فراہمی ہے۔ سینئر ایڈووکیٹ سپریم کورٹ، سابق صدر سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن میاں اسرار الحق ایڈووکیٹ کرونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے، مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ رسم قل آج ظہر کے وقت رہائش گاہ باغبانپورہ میں ادا کی جائیگی، دو مرتبہ صدر لاہور ہائیکورٹ بار، ایک مرتبہ ممبر پاکستان بار کونسل اور صدر لاہور بار ایسوسی ایشن بھی رہے۔

ای پیپر-دی نیشن