2020 ء اپوزیشن ناک آئوٹ، استعفوں کی ڈیڈلائن ختم، جرات ہوتی تو پی ڈی ایم تحلیل کردیتے: شبلی فراز
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی+نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر اطلاعات سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 2020ء میں اپوزیشن کو ان کے غیر جمہوری ہتھکنڈوں نے ’’ناک آؤٹ‘‘ کر دیا۔ حکومت کو گرانے کیلئے بننے والا اتحاد اپنے مفادات، سوچ اور بیانیے کی بھینٹ چڑھ گیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات سنیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ 2020ء عالمی سطح پر مشکل سال رہا۔ کرونا وبا نے دنیا بھر میں صحت کا نظام اور معیشتوں کو ہلا کر رکھ دیا۔ عمران خان کی قیادت میں پاکستان اس چیلنج سے احسن انداز میں نبردآزما ہوا۔ صحت اور معیشت دونوں کو اہمیت دی۔ انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کی کامیاب حکمت عملی کو عالمی سطح پر پذیرائی حاصل ہوئی۔ عمران خان نے جرات مندانہ فیصلوں سے معاشی بہتری اور ترقی کیلئے درست سمت کا تعین کر دیا ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ جنوری میں تبدیلی نئے سال کی ہو گی اور عوام کے مسائل کے حل کیلئے وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں فیصلہ کن جدوجہد کے نئے مرحلے کا آغاز ہوگا۔ ہمارے فیصلوں اور پالیسی کا محور پاکستان کے عوام ہیں۔ سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ اخلاقی جرات ہوتی تو پیپلزپارٹی کے فیصلے کے بعد خود ہی پی ڈی ایم کے تحلیل کا اعلان کر دیا جاتا۔ آج (31دسمبر) ہے، استعفوں کی ڈیڈ لائن رات 12 بجے ختم ہونے جارہی ہے۔ ن لیگ کے جن دو اراکین نے استعفی دیئے، سپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے تصدیق کے لئے طلبی کے ساتھ ہی مکر گئے ہیں۔