پی ڈی ایم کو انتشار کی سیاست سے کنارہ کشی کرکے پاکستان کیلئے سوچنا ہوگا: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے سال نو کی آمد پر اہل وطن کو مبارکباد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ 2021ء کا پاکستان ماضی کی نسبت زیادہ خوشحال، مضبوط اور ترقی یافتہ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں عزم مصمم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انشاء اللہ 2021ء عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کا سال ہوگا۔ ہمارا عزم درپیش چیلنجز سے زیادہ بلند ہے، 2021پاکستانی قوم کیلئے امید کی کرن ثابت ہو گا۔ پاکستان کو پرامن اور حقیقی فلاحی ریاست بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ مشکل حالات سے گزرنے اور ماضی کی کوتاہیوں سے سبق سیکھ کر مستقبل میں اصلاح کے عزم کے ساتھ آگے بڑھیں گے۔ قائد اعظم کے ویژن کے مطابق امیر اور غریب کا معاشی تفاوت ختم کرنے اور یکساں مواقع فراہم کرنے کے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔ نئے سال میں وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ترقی کا سفرمزید تیز ہو گا۔ 2020ء میں معیشت کی مضبوطی کی بنیاد رکھی گئی اور معیشت نئی بلندیوں کو چھوئے گی۔ عمران خان کی قیادت میں ایک پاکستان کی جدوجہد جاری رہے گی۔ بدقسمتی سے 2020ء اپوزیشن عناصر نے ترقی کا پہیہ روکنے کی پوری کوشش کی۔ عوام نے اپوزیشن کی منفی سیاست کو یکسر رد کیا۔ پی ڈی ایم کو نئے سال پر انتشار کی سیاست سے کنارہ کشی اختیار کر کے پاکستان کے لئے سوچنا ہوگا۔ ہمیں سال2020ء کو الوداع اورنئے سال کو خوش آمدید کہتے ہوئے اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا بھی جائزہ لینا ہو گا۔ قبل ازیں عثمان بزدار نے ہدایت جاری تھی کہ مری اور دیگر شہروں میں ٹریفک رواں رکھنے یکلئے فول پروف انتظامات اور موثراقدامات کئے جائیں سیاحت کیلئے جانے والے مسافروں کو ٹریفک کے حوالے سے کسی قسم کی مشکل پیش نہیں آنی چاہئے۔ وزیراعلیٰ بزدار نے سال نو پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کی ہدایت بھی کی تھی اور ہوائی فائرنگ کرنے والوں کیخلاف بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا تھا۔