• news

پاکستان سمیت دنیا بھر  میں نئے سال کی تقریبات، آتشبازی، لاہور میں منچلوں ہلہ گلہ

لاہور (نامہ نگار+ نیٹ نیوز ) لاہور میںسخت سردی اور دھند کے باوجود گزشتہ رات 12بجتے ہی سال نو 2021 کے موقع پر منچلے موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر ٹولیوں کی شکل میں ہلڑ بازی کرتے ہوئے سڑکوں، بازاروں اور اہم شاہراہوں پر نکل آئے۔ ون ویلنگ، موٹر سائیکل پر کرتب کرنے کے علاوہ شراب کے نشے میں دھت ہوکر منچلوں کے سڑکوں پر  بھنگڑے، خواتین سے بدتمیزی، ہیپی نیو ائیر کے نعرے، شور و غل کیا۔ جبکہ شہر کے مختلف علاقے ہوائی فائرنگ سے گونج اٹھے۔ پولیس کی دوڑیں لگ گئیں اور متعدد منچلوں کی گرفتاریاں عمل لائی گئیں۔ پولیس کا مال روڈ سمیت دیگر علاقوں میں لاٹھی چارج سے چند منچلے زخمی ہوگئے جبکہ شہر میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا۔  گزشتہ رات 12بجے  مال روڈ، گلبرگ، ڈیفنس، فیروز پور روڈ، جیل روڈ، فورٹریس سٹیڈیم سمیت اہم مقامات پرمنچلوں نے ہلڑبازی شروع کردی۔ روڈ بلاک کرکے بھنگڑے اورآتشبازی کا مظاہرہ کیا گیا۔ منچلوں نے پٹاخے بھی چلائے۔ ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ پولیس کی بھاری نفری نے منچلوں کے خلاف کریک ڈائون کیا۔ درجنوں منچلوں کو مختلف تھانوں میں موٹر سائیکلیوں سمیت بند کردیا۔ والدین عزیز واقارب تھانوں کے باہر جمع ہوگئے۔ جبکہ اکثر  شہری موبائل فونز کے ذریعے اپنے پیاروں کو نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے رہے۔ مختلف علاقوں میں فارم ہاؤسز ہوٹلوں، گیسٹ ہاؤسز میں شراب و ڈانس پارٹیاں منعقد ہوئیں۔ پوش علاقوں ڈیفنس، ماڈل ٹائون، شادمان، گلبرگ، رائے ونڈ، کینٹ میں پرائیویٹ طور پر محفلیں سجائی گئیں جبکہ اندورن شہر میں شہری بار بی کیو، کھابوں سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ مختلف علاقوں میں بیرئیر لگا کر راستے بند کرنے کی وجہ سے سڑکوں پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور لوگ  ٹریفک میں پھنسے رہے۔ پولیس ہوائی فائرنگ اور آتش بازی پر پابندی پر عملدرآمد کرنے میں ناکام رہی۔ پولیس حکام کے مطابق سکیورٹی کے لئے بھاری پولیس کی نفری تعینات کی گئی تھی۔ چند مقامات پر ہوائی فائرنگ اور آتشبازی کے واقعات ہوئے۔ لیکن پولیس نے فوری ایکشن کیا اور ایسے افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ہی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ پولیس افسران واہلکار رات گئے تک ڈیوٹی سرانجام دیتے رہے۔  دوسری  طرف  نیو ایئر نائٹ کے موقع پر سیاحوں نے ملکہ کوہسار کا رخ کر لیا۔ جس کے باعث مری میں ٹریفک جام ہوگیا۔ ترجمان ٹریفک پولیس کا کہنا ہے رات گئے  تک 20170  سے زائد گاڑیاں مری میں داخل ہو چکی ہیں۔ اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز اشفاق خان نے لبرٹی گول چکر، مال روڈ، کیولری چوک، مین بلیوارڈ ڈیفنس، ساوتھ کینٹ سمیت اہم شاہراہوں اور مقامات برآمد کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض‘ متعلقہ پولیس افسر ہمراہ تھیاشفاق خان نے نیو ایئر نائٹ پر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ پولیس افسر،جوانوں کو سکیورٹی سخت رکھنے کی ہدایت کی  انہوں نے کہا امن کے قیام، شہریوں کے تحفظ کیلئے انتہائی الرٹ رہیں۔

ای پیپر-دی نیشن