• news

اقوام متحدہ نے 2020ء کو کٹھن  ترین سال قرار دیدیا‘ پہلی مرتبہ  پیغام اردو کے ساتھ نشر

نیویارک(آئی این پی)اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس کا نئے سال کا پیغام پہلی بار اردو ترجمہ کے ساتھ نشرکیا گیا ہے۔اقوام متحدہ میں عمومی طور پر پیغامات 6 زبانوں میں نشر کیے جاتے ہیں۔ اقوام متحدہ کی 6سرکاری زبانیں عربی، چینی، انگریزی، فرانسیسی، روسی اور ہسپانوی ہیں۔اس عالمی فورم پر ہونے والی تمام تر سرگرمیوں کو صرف6 زبانوں میں ترجمہ کیا جاتا ہے۔ ایسا پہلی بار ہوا کے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا بیان اردو ترجمے میں بھی نشر کیا گیا۔انتونیو گوتیرس نے اپنے پیغام میں کہا عزیز دوستو2020 آزمائشوں اور سختیوں کا سال رہا۔ کرونا وائرس نے ہماری زندگیوں کو بری طرح متاثر کیا ہے اور اس کے سبب دنیا کو دکھ اور تکالیف دیکھنی پڑیں۔ویڈیو پیغام میں کہا گیا کہ بہت ساری قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور یہ وبا اب بھی پھیل رہی ہے۔ اس کی وبا کی نئی شکلیں بھی سامنے آ رہی ہیں۔غربت، عدم مساوات اور بھوک بڑھ رہی ہے۔ ملازمتیں ختم ہو رہی ہیں، قرضے بڑھ رہے ہیں اور بچوں کو بھی مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔انہوں نے کہا گھریلو تشدد بڑھ رہا ہے اور ہر جگہ عدم تحفظ پایا جاتا ہے۔ لیکن ایک نیا سال آرہا ہے جس میں ہمیں امید کی کرن نظر آ رہی ہے۔لوگ اپنے آس پاس حتی کے اجنبی افراد کی بھی مدد کر رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن