• news

سردی‘ گیس بحران میں برابر اضافہ‘ فیصل آباد میں خواتین بچوں کا مظاہرہ 

فیصل آباد/ پنڈی بھٹیاں (آن لائن+ نمائندہ خصوصی) لاہور‘ فیصل آباد سمیت پنجاب کے کئی علاقوں میں گیس بحران جاری ہے جبکہ  بچ جانے والے  علاقوں میں پریشر نہ ہونے کے برابر ہے۔ فیصل آباد میں خواتین نے بچوں کے ہمراہ مظاہرہ کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔ پنڈی بھٹیاں میں تاجروں اور شہریوں نے احتجاج کیا۔ شہر میں گیس کساتھ بجلی کی لوڈ شیڈنگ نے بھی کاروباری برادری کو پریشان کر رکھا ہے۔ فیصل آباد  سے آن لائن  کے مطابق محکمہ سوئی نادرن گیس کمپنی شہری علاقوں میں وزیراعظم کی ہدایت کے باجود گھریلو صارفین کوگیس فراہم کرنے مکمل طور ناکام، فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں گیس کا بحران شدید ہوگیا، غلام محمد آباد ،مدن  پورہ سمیت مختلف علاقوںمیں طویل گیس لوڈ شیڈنگ پر خواتین کابچوں کے ہمراہ سڑکوں پر شدید احتجاج، فیصل آباد مدن پورہ  میں  گذستہ دو روز سے گیس اور واساکا پانی بھی بند  ہے، شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں توگیس بالکل غائب ہوچکی ہے جبکہ کہیں  پریشر کم ہے  جس کے باعث  شدید سردی میں شہریوں کو دوہری اذیت کا سامناکرنا پڑرہا ہے۔ طویل گیس لوڈ شیڈنگ اور گیس پریشر میں کمی کے باعث گھر میں کھانا پکانا مشکل ہو گیا اور لوگ ہوٹل سے مہنگا کھانا خریدنے پر مجبور ہیں۔ پنڈی  بھٹیاں سے نمائندہ خصوصی کے مطابق پنڈی بھٹیاں میں تاجروں اور شہریوں نے بجلی گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور گیس کے کم پریشر پر شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے ،کاروبار بُری طرح متاثر ہو رہے ہیں ،اور گھریلو نظام زندگی بھی درہم برہم ہو کر رہ گیا ہے ، شدید سردی  میں بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ اور کم پریشر نے پریشان کر کے رکھ دیا ہے ،جبکہ بجلی والوں نے ہر جمعرات اور اتوار کے کاروبار ی  دنوں میں گھنٹوں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے ، جو کاروبار تباہ کرنے کے مترادف ہے  اس پر عوام سراپا احتجاج ہیں صورت برقرار رکھی گئی تو سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے ۔گکھڑمنڈی سے نامہ نگار کے مطابق  شدید سردی کے موسم میں گکھڑ اور مضافات میں سوئی گیس کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ صبح سے لے کر رات ایک بجے تک گیس کا بند رہنا اور پریشر کا انتہائی کم رہنا وبال جان بن گیا ہے۔ ادھر غیر قانونی طور پرگیس ری فلنگ کرنے والے دکانداروں نے بھی گیس کے نرخوں میں اضافہ کر دیا ہے۔ 

ای پیپر-دی نیشن