ظل سبحانی کے دامن پر داغ نہیں تو قانون کا سامنا کریں: فردوس عاشق
لاہور/ شیخوپورہ (نیوز رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) صوبائی مشیر اطلاعات ڈاکٹر فردوش عاشق اعوان نے انصاف ویلفیئر ونگ ضلع شیخوپورہ کے صدر ڈاکٹر محمد اسلم خان شیروانی اور جنرل سیکرٹری چودھری خرم ریاض کاہلوں ایڈووکیٹ کو انکی سیاسی، سماجی اور فلاحی خدمات کے اعتراف میںتحریک انصاف ویلفیئر ونگ کی طرف سے تعریفی اسناد دیں۔ اس موقع پر تحریک انصاف کے صوبائی صدراعجاز چودھری، صوبائی صدر ویلفیئر ونگ اعجاز مہیس، جنرل سیکرٹری شہزاد احمد چیمہ، حماد سعید ترین و دیگر پارٹی رہنما موجود تھے۔ بعدازاں گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاکہ تحریک انصاف ایک سیاسی جماعت ہی نہیں بلکہ ایک تحریک اور ادارہ کا نام ہے جو اعلیٰ سیاسی وجمہوری روایات کے فروغ کیساتھ غریب، مجبور اور دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے بھی اپنا بھرپور کردار ادا کر رہی ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی سیاسی تاریخ کی پہلی سیاسی جماعت ہے جس نے گراس روٹ لیول پر عام آدمی کو ریلیف دینے کیلئے پارٹی ونگز کی تشکیل کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ دریں اثناء ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے انسپکٹر جنرل پنجاب آفس کا دورہ کیا۔ آئی جی پنجاب انعام غنی نے اس موقع پر محکمہ پولیس پنجاب کی کارکردگی، محکمانہ اصلاحات اور مسائل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ دیگر سینئر افسر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے آئی جی آفس میں قائم کرائم مانیٹرنگ سیل، میڈیا مانیٹرنگ روم اور کمپلینٹ سینٹر8787 کا معائنہ کیا۔ معاون خصوصی نے مذکورہ شعبوں میں تعینات عملے سے گفتگو کی اور انہیں اپنی کارکردگی، کمٹمنٹ اور لگن سے محکمہ پولیس پنجاب کا عوام کی نظر میں امیج بہتر بنانے کی تلقین کی۔ قبل ازیں محکمانہ بریفنگ کے موقع پر معاون خصوصی ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان نے آئی جی پنجاب انعام غنی سے محکمہ پولیس کو درپیش چیلنجز اور عوامی توقعات پر پورا اترنے کے لئے موثر اقدامات اٹھانے اور عوام دوست رویہ اپنا کر پولیس کلچر بہتر بنانے پر زور دیا۔ معاون خصوصی نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات اور منشیات کے عادی افراد سے متعلق جرائم کی روک تھام کے لئے بہتر شعور اور آگاہی پیدا کے ساتھ ساتھ پولیس پر موثر حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اینٹی نارکوٹکس کنٹرول کو نشئی افراد کے لئے صوبے میں لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں بحالی مراکز تعمیر کرنے کی تجویز زیرغور ہے۔ محکمہ پولیس میں خواتین کی بھرتی کی شرح میں اضافے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اس سے خواتین کے طبقے کو بااختیار اور طاقتور بنانے میں مدد ملے گی۔ ملاقات کے اختتام پر آئی جی پنجاب نے معاون خصوصی کو یادگاری شیلڈ پیش کی۔ شوباز شریف نے ذاتی مفادات کیلئے قومی مفادات کو داؤ پر لگاتے ہوئے اتنی خوفناک شرائط پر معاہدے کئے جن کی پاکستان می نظیر نہیں ملتی۔ صفائی کی آڑ میں شوباز شریف نے کرپشن کا گند پھیلایا تحریک انصاف کی حکومت کو وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت میں لاہور سے کوڑا کرکٹ کے ساتھ سیاسی گندگی بھی صاف کرنا پڑ رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار معاون خصوصی وزیراعلیٰ پنجاب نے ڈی جی پی آر آفس میں لاہور میں صفائی کے انتظامات پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ سیاسی یتیموں کے ٹولہ کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ وزیراعظم عمران خان کا دامن صاف ہے۔ اگر ظل سبحانی کے دامن پر داغ نہیں تو عدالتوں میں پیش ہوکر قانون کا سامنا کریں۔ پیٹ پھاڑ کر پیسے نکالنے والے آج ایک دوسرے کے منہ میں نوالے ڈال رہے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے کندھوں پر سوار ہر راجکماری پارلیمنٹ پر خود کش حملہ کرنے نکلی تھیں زرداری اور بلاول نے جعلی راجکماری کے ارمانوں پر پانی پھیر دیا۔ سندھ حکومت پیپلز پارٹی کیلئے آکسیجن کا سلنڈر ہے جس کے بغیر یہ زندہ نہیں رہ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کا البراک اور اوزپاک کے ساتھ کنٹریکٹ 31 دسمبر 2020ء کو ختم ہوا مگر انہوں نے 10 دسمبر سے ہی کام بند کر دیا اور معاملہ عدالت میں چلا گیا حکومت ترک کمپنیوں کے ساتھ معاہدہ کی توسیع نہیں کرے گی۔ آج یکم جنوری 2020ء سے ایل ڈبلیو ایم سی لاہور کا کچرا اٹھائے گا۔ فرانزک آڈٹ رپورٹ کے مطابق دونوں کمپنیاں ایل ڈبلیو ایم سی کے 7 ارب سے زائد کی نادہندہ ہیں جبکہ اس حوالے سے نیب میں مزید تحقیقات جاری ہیں۔ فردوس عاشق اعوان نے نئے سال کی آمد پر اپنے مبارکباد پیغامات میں کہا ہے کہ کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی ۔ ایک بیان میں کہا ہے کہ کرونا مریضوں کی تعداد 137949 تک پہنچ گئی ہے۔ پنجاب میں گزشتہ رورز 654 کرونا کے نئے میرض سامنے آئے صوبے میں کرونا کے ایکٹو مریضوں کی تعداد 10667 ہو گئی ہے اور کرونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد 4013 ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 31 مریض جاں بحق ہو چکے ہیں۔ نئے سال کی آمد پر اپنے مبارکباد کے پیغام میں کہا ہے کہ عوام کی فلاح و بہبود، ملکی ترقی و خوشحالی، ماحولیاتی آلودگی کا خاتمہ اور دھرتی ماں کی خدمت نئے سال کے دوران بھی ہمارا شعار رہیں گے۔ کرپشن اور لوٹ مار کے ذریعے ملک کو تباہی کے دہانے پر پہنچانے والوں کیخلاف ہماری جنگ جاری رہے گی۔