2020ء: ایک لاکھ 30 ہزار کنال سرکاری زمین واگزار کرائی: اینٹی کرپشن پنجاب
لاہور(سٹاف رپورٹر) ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن پنجاب محمد گوہر نفیس نے سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔ جنوری سے دسمبر 2020 تک قبضہ مافیا سے 1 لاکھ 30 ہزار کنال اور 19 مرلہ سرکاری زمین واگزار کرائی گئی۔واگزار کرائی گئی زمین کی مالیت 50 ارب اور 295 کروڑ سے زائد ہے۔ اینٹی کرپشن نے پنجاب بھر سے 53 کروڑ 33 لاکھ سے زائد ڈائریکٹ رقم وصول کر کے خزانہ سرکار میں جمع کرائی۔ 20 ارب اور 22 کروڑ سے زائد ان ڈائریکٹ رقم کی وصولی کرائی۔ رپورٹ کرپشن ایپ پر 7120 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 4857 نمٹا دیں گئی جبکہ 2257 پر کام جاری ہے۔ اینٹی کرپشن نے گزشتہ سال 19162 شکایات جبکہ 5049 انکوائریاں نمٹائیں۔ سال 2020 میں اینٹی کرپشن نے کرپشن کی شکایت پر 1374 نئے کیس رجسٹر کئے گئے۔ اینٹی کرپشن نے جنوری سے دسمبر تک 1801 ملزمان کو گرفتار کیا اور 669 کو چالان کیا گیا۔ اینٹی کرپشن نے سال 2020 میں پنجاب بھر سے 160 مفرور اشتہاریوں کو گرفتار کیا۔ محکمہ اینٹی کرپشن نے سال 2020 میں 2650 پیٹرول پمپس چیک کئے۔ چیک کئے گئے پیٹرول پمپس میں 989 میں بے ضابطگیاں پائی گئیں۔ مختلف بے ضابطگیوں پر پیٹرول پمپس کو 1 کروڑ 27 لاکھ اور 70 ہزار جرمانہ کیا گیا۔پنجاب میں ڈی سی کے این او سی اور K فارم کے بغیر چلنے والے غیر قانونی پیٹرول پمپس کے خلاف خصوصی مہم شروع کی گئی۔