جاپان کا نئے سال میں پاکستان کیساتھ مل کر امن و استحکام کیلئے کام کرنے کا پیغام
اسلام آباد ( سپیشل رپورٹ) پاکستان میں جاپان کے سفیر ماتسودا کونینوری نے نئے سال میں پاکستان کیساتھ مل کر امن و استحکام کیلئے کام کرنے کا پیغام دیا ہے۔ اپنے نئے سال کے پیغام میں جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان ملک کی ترقی اور پاک جاپان تعلقات کو بہتر بنانے کی کوشش کریگا۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ کووڈ 19 کی پیدا کردہ مشکلات کے باوجود پاکستان اور جاپان کے تعلقات مستحکم رہے ہیں۔ جاپانی سفیر نے کہا کہ جاپان نے سیلابوں، ٹڈی دل اور وائرس کے خاتمے کیلئے پاکستان کی مدد کی۔ سفیر نے مختلف مشکلات کا جرات مندی سے مقابلہ کرنے پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دی۔ سفیر نے کہا کہ جاپان نے کرونا وائرس کی تشخیص کیلئے پاکستان کو تشخیصی کٹس فراہم کیں۔ یہ کٹس گذشتہ سال فروری میں دی گئیں اور اس وقت تک پاکستان میں وائرس کی موجودگی کا کوئی کیس نہیں تھا۔ جاپان نے پاکستان کو کووڈ 19 کا مقابلہ کرنے کیلئے 7341 ملین ڈالر کی رقم فراہم کی۔ انھوں نے توقع ظاہر کی کہ افغانستان میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن سمجھوتے سے خطے میں امن و استحکام آئے گا۔ سفیر نے افغان امن عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان کے تعمیری کردار کی تعریف کی۔ نئے سال کے موقع پر جاپان کے سفیر نے پاکستانی عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔