• news

حکومت‘ اپوزیشن ملکی تحفظ کیلئے مہنگائی‘ بیروزگاری کے خاتمے پر توجہ دیں: شجاعت‘ پرویز الٰہی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) مسلم لیگ (ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی سے بشپ لاہور سباسٹین فرانسس شا اور سابق بشپ ڈاکٹر الیگزینڈر جان ملک نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں صوبائی وزیر معدنیات حافظ عمار یاسر، شافع حسین، جی ایم سکندر، پادری شاہد معراج اور جانسن برنارڈ بھی موجود تھے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ پاکستان سمیت پوری دنیا کی معیشت پر برا وقت ہے، عام آدمی محسوس کر رہا ہے کہ اگر امیر نے غریب کا احساس نہ کیا اور غریب آدمی نے امیر کا ساتھ چھوڑ دیا تو پھر حالات اس طرف چلے جائیں گے جس کا ذکر زبان پر بھی نہیں لایا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ ان حالات کے پیش نظر تمام مذاہب، تنظیمیں، حکومت اور اپوزیشن سب کچھ بھول کر ملکی تحفظ کے ساتھ ایک ہی ایجنڈے پر توجہ دیں، وہ ایجنڈا ملک میں مہنگائی اور بیروزگاری کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سارے وقت میں مزدور اور تنخواہ دار طبقہ پستا رہا۔ اسے بچانے کیلئے حکومت اور اپوزیشن کسی کو گرانے اور بچانے کی بجائے ایک سال تک اس ایجنڈے پر اکٹھے ہوں۔ مجھے امید ہے کہ انشاء اللہ کامیابی ملے گی۔ حکومت اور اپوزیشن میں موجود تمام جماعتیں یہ ثابت کر سکیں گی کہ ہم نے مل کر قوم کی تکلیفوں میں نمایاں کمی کی ہے۔ لیکن اگر جنوری 2022ء تک اس میں بہتری نہ آئے تو بیشک اپنے پرانے ایجنڈے پر واپس آ جائیں۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ میری دعا ہے کہ نیا سال ملک کیلئے خوشیاں لائے، ملک سیاسی عدم استحکام سے محفوظ رہے، 2020ء میں قوم نے بہت مشکل حالات دیکھے ہیں، اللہ کریم سے دعا ہے کہ 2021ء کرونا کے خاتمے کا سال ثابت ہو اور معاشی صورتحال میں بہتری اور ترقی کا پہیہ تیز ہو۔ سپیکر چودھری پرویزالٰہی اور شافع حسین نے مسیحی رہنمائوں کے ساتھ مل کر کیک کاٹا اور انہیں کرسمس اور نئے سال کی مبارکباد بھی دی۔

ای پیپر-دی نیشن