2020 ئ: بزدار حکومت عوامی فلاح کیلئے سرگرم رہی، کرونا کی پہلی لہر میں موثر اقدامات کیے
لاہور (نیوز رپورٹر) سال 2020 نے بزدار حکومت عوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہمہ وقت متحرک اورسرگرم عمل رہی۔کرونا کی پہلی لہر کے دوران پنجاب میں بروقت اور موثر اقدامات کرکے دوسرے صوبوں کیلئے قابل تقلید مثال قائم کی گئی اوراسی دوران چیف منسٹر انصاف امداد پروگرام کے تحت ایک لاکھ 70 افراد کو 125 کروڑ روپے مالی امدادبھی دی گئی۔سوشل میڈیا پر پوسٹ وائرل ہونے پر وزیراعلیٰ نے وہاڑی میں جھاڑو دینے والی ایم اے پاس مہوش کو سرکاری نوکری دینے کی ہدایت کی ۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی لاہورآئے انہیں حضوری باغ میں عشائیہ دیا گیا۔2020ء جنوبی پنجاب کے حوالے سے بھی بے حد اہمیت کا حامل رہا۔سیکرٹریٹ کے قیام کے ساتھ ساتھ ایڈیشنل چیف سیکرٹری، ایڈیشنل آئی جی اور دیگر افسروں کا تقررکردیا گیااورجنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کی عمارت کے ڈیزائن کی منظوری بھی دے دی گئی۔محکمہ صحت میں 25 ہزار ڈاکٹروں، نرسوں او رپیرا میڈیکل سٹاف وغیرہ اورپولیس میں 10 ہزار کانسٹیبل کی بھرتی ہوئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے زمینی حقائق جاننے کیلئے پنجاب کے چھوٹے بڑے شہروں کے متواتر دورے کئے۔ ہسپتالوں، تھانوں، جیلوں، پناہ گاہوںکا جائزہ لیا اوربہتری کیلئے فوری احکامات جاری کیے۔ لاہور میں گنگا رام ہسپتال میں مدر اینڈ چائلڈ ہسپتال اور لوکل گورنمنٹ اکیڈمی کا سنگ بنیادرکھا گیا اور لعل شہباز قلندر انڈر پاس کو عثمان بزدار نے ذاتی دلچسپی لے کر مکمل کروایا۔ماضی کے برعکس وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ریسکیو1122سمیت مختلف سرکاری اداروں کے بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے ۔پنجاب میں ایک نئی اورقابل تقلید مثال بھی قائم کی گئی۔پہلی مرتبہ ارکان اسمبلی سے ملاقات کے بعد ترقیاتی منصوبوں کا ایجنڈا مرتب کیا گیااورہر ڈویژن کے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی سے درجنوں ملاقاتیں، ترقیاتی منصوبوں اور عوامی مسائل پر مشاورت کی روایت قائم کی گئی۔ عثمان بزدار نے صوبے میں کرونا اور امن و امان کی صورتحال کی مانیٹرنگ کیلئے ایپکس کمیٹی کے متعدد اجلاسوں کی صدارت کی اورمشاورت سے عوامی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے بہترین فیصلے کیے۔7 اگست ایک تاریخی دن تھا جب راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔لاہور میں 10 نئی پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام بھی عمل میں لایا گیا۔اکتوبر میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کا افتتاح بھی کردیاگیا ،اسی طرح لا ہورکے داخلی راستے ٹھوکر نیاز بیگ پر باب لاہور کا افتتاح بھی کیا گیا۔سال کے آخری ایام میں مہلک امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے مفت ادویات کی فراہمی کیلئے انصاف میڈیسن کارڈسکیم بھی شروع کردی گئی جس کے تحت ٹی بی ،ایڈز اوردیگر مہلک امراض میں مبتلامریض مفت ادویات حاصل کرسکیںگے۔ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے ساہیوال اور سیالکوٹ کیلئے 140 ارب روپے کے ترقیاتی منصوبے بھی شروع کیے جارہے ہیں ۔ عثمان بزدار نے کرونا سے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال وہاڑی کے ڈاکٹر منظور حسین وجھی کے جاں بحق ہونے پر اظہار افسوس کیا ہے۔