نیب اجلاس، اعجاز ہارون عبدالمجید غنی دیگر کیخلاف ریفرنس دائر کرنیکی منظوری
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) قومی احتساب بیورو (نیب)کے ایگزیکٹو بورڈ نے جعلی بینک اکائونٹس کیس میں سابق چیئرمین پی آئی اے اعجاز ہارون، عبدالغنی مجید اور دیگرکے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دیدی۔ جبکہ سوست ڈرائی پورٹ پر تعینات کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے افسران واہلکاران کے خلاف سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ غفلت سے متعلق شکایت ایف بی آر کو بھجوانے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق پارلیمنٹ اور پارلیمنٹرینز کے تقدس اور احترام پر یقین رکھتاہے۔ بعض عناصر کی طرف سے گمراہ کن اور من گھڑت مہم، نیب کو اپنے آئینی اور قانونی فرائض کی انجام دہی سے نہیں روک سکتی۔ چیئرمین نیب جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، ملک سے بدعنوانی کا خاتمہ اورکرپشن فری پاکستا ن نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ جمعہ کوقومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں ہوا۔ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں جعلی بینک اکائونٹس کیس میں اعجاز ہارون سابق چئیرمین پی آئی اے، عبدالغنی مجید اور دیگرکے خلاف ریفرنس دائر کرنے کی منظوری دی گئی۔ ملزمان پر غیر قانونی طور پراورسیز کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹی لمیٹڈ(کڈنی ہلز) کراچی کے پلاٹس کی جعلی الاٹمنٹ اور فیک بینک اکائونٹس سے ادائیگی کرنے کا الزام ہے۔ اجلاس میں فیڈرل گورنمنٹ ایمپلائز ہائوسنگ فانڈیشن کے افسران/اہلکاران کے خلاف انکوائری منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سوست ڈرائی پورٹ پر تعینات کسٹمز ڈیپارٹمنٹ کے افسران/اہلکاران کے خلاف سرکاری فرائض کی انجام دہی میں مبینہ غفلت سے متعلق شکایت قانون کے مطابق نمٹانے کیلئے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو بھجوانے کی منظوری دی۔ ایگزیکٹو بورڈ نے کہا کہ نیب قانون کے مطابق پارلیمنٹ اور پارلیمنٹیرین کے تقدس اور احترام پر یقین رکھتاہے۔ بزنس کمیونٹی ملک کی ترقی میں اہم کردارا داکرتی ہے۔چئیرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے اپنے قیام سے اب تک 714 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے۔ نیب کی کارکردگی کو معتبر قومی اور بین الا قوامی اداروں نے سراہا ہے انسداد بدعنوانی کا قومی ادارہ ہے۔ نیب کا تعلق کسی سیاسی جماعت،گروہ اور فرد سے نہیں بلکہ صرف اور صرف ریاست پاکستان سے ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ شکایات کی جانچ پڑتال، انکوائریاں اور انوسٹی گیشنز ٹھوس شواہدکی بنیاد پر قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ دریں اثناء جسٹس (ر)جاوید اقبال سے عالمی اقتصادی فورم کے کنٹری پارٹنر انسٹی ٹیوٹ مشعل پاکستان کے چیف ایگزیکٹو عامر جہانگیر نے ملاقات کی۔ تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال سے عالمی اقتصادی فورم کے کنٹری پارٹنرانسٹی ٹیوٹ مشعل پاکستان کے چیف ایگزیکٹو عامر جہانگیر نے ملاقات کی۔ ملاقات میں کرپشن کے خاتمے کے لئے کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔چیئرمین نیب نے کرپشن کے خاتمے کے لئے کوششوں کو سراہنے پرعامر جہانگیر کا شکریہ ادا کیا انہیں بتایا گیا کہ اس وقت احتساب عدالتوں میں 1230 سے زیادہ کرپشن ریفرنس زیر سماعت ہیں جن کی مالیت تقریبا 947 ارب روپے ہے، نیب نے کرپشن کے ناسور سے متعلق عوامی آگاہی کی مہم شروع کررکھی ہے۔ اس موقع پرعامر جہانگیر نے کرپشن کے خلاف نیب کی کوششوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ نیب کرپشن کے خاتمے کے لئے کلیدی کردار ادا کررہا ہے، کورونا وبا کے دنیا بھر کی معیشتوں پر پڑنے والے اثرات سے متعلق عامر جہانگیر کا کہنا تھا کہ کوویڈ 19 کی وجہ سے دنیا بھر کی معیشتیں تنزلی کا شکار ہیں، عالمی مسابقی رپورٹ کے مطابق کوئی بھی ملک وبا سے متاثر ہونے سے نہیں بچا تاہم ڈیجیٹل اور فعال معیشتیں اور وبا سے نمٹنے کا تجربہ رکھنے والے ممالک نے وبا کے اثرات پر بہتر طور سے قابو پایا۔